aryan khan 16

شاہ رخ خان کے بیٹے کو14روز کے عدالتی ریمانڈ پرجیل بھیج دیاگیا

ممبئی ،منشیات کیس میں گرفتار بھارتی اداکارشاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو ممبئی کی عدالت نے مزید 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق آریان کو بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ہفتہ2 اکتوبرکی شب خفیہ اطلاع پرممبئی کی بندرگاہ پرکروز شپ میں ہونے والی پارٹی پرچھاپے کے دوران گرفتار کیا تھا۔این سی بی نے آریان کو ساتھیوں سمیت 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرکے 7 اکتوبرتک جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا جوگزشتہ روزختم ہونے پرانہیں دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا۔آریان کے علاوہ دیگر 7 ملزمان میں منمون دھمیچا ، اربازمرچنٹ ، اسمیت سنگھ ، موہک جسوال ، گومیت چوپڑا ، نوپو سریکا اور وکرانت چھوکر شامل ہیں۔عدالت نے شاہ رخ خان کے بیٹے اورساتھیوں کو 11 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر حوالے کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔عدالتی ریمانڈ ختم ہونے پر ملزمان کو نارکوٹکس کے معاملات دیکھنے والی خصوصی عدالت این ڈی پی میں پیش کیا جائے گا۔دوران سماعت آریان خان کے وکلا نے ان کا بیان پڑھ کر سنایا۔ شاہ رخ خان کے بیٹے نے کہا کہ انہیں غلط فہمی کی بنیاد پرگرفتارکیا گیا، منشیات استعمال کرنے والے دیگرساتھیوں کے ساتھ صرف موبائل فون پرچیٹ کی تھی۔آریان خان گرفتاراربازمرچنٹ سمیت دیگر لوگوں سے دوستی اورتعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات سے انکار کیا کہ وہ منشیات کا استعمال یا اسمگل کرتے رہے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان کے کرونا ٹیسٹ کرنے کے بعد انہیں جیل منتقل کیا جائے گا۔ آریان خان کے وکلا نے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کررکھی ہے جس پر 8 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔رپورٹ کے مطابق نارکوٹکس فورس کے وکلا نیعدالت کو بتایا کہ ملزمان سے 3 روزہ تفتیش میں کئی انکشافات سامنے آئے جن کی بنا پر مزید گرفتاریاں کی گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیس میں نائیجرین باشندے سمیت کل 18 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جس سے ایکسٹیسی کی 40 گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔آریان پیشی اور سماعت کے وقت ان کے والد شاہ رخ خان اوروالدہ گوری خان کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے۔اس سے قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں بھارتی میڈیا میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہ رخ کی آریان سے ملاقات ہوئی اور گرفتاری کے بعد والد سے پہلی ملاقات میں آریان جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے رو پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں