Saturday, July 27, 2024
ہوماسلام آبادکنوینر ذیلی کمیٹی علی نواز اعوان کی ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت

کنوینر ذیلی کمیٹی علی نواز اعوان کی ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد، وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی اور کنوینر ذیلی کمیٹی برائے کوٹہ سسٹم علی نواز اعوان نے ملازمتوں میں اقلیتوں، معذوروں اور بلوچستان کے کوٹے کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمتوں میں کوٹے کے نفاذ کی مانیٹرنگ کے لیے این آئی ٹی بی سے سافٹ وئیر بنوانے پر غور کر رہے ہیں ۔

بدھ کو ذیلی کمیٹی برائے کوٹہ سسٹم کا اجلاس کنونیئر کمیٹی علی نواز اعوان کی صدارت میں ہوا جس میں ارکانِ قومی اسمبلی میجر ریٹائرڈ طاہر صادق اور محمد اسلم خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ملازمتوں میں اقلیتوں، معذوروں اور بلوچستان کے کوٹے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ این آئی ٹی بی سے ایسا سافٹ وئیر بنوا یا جائے جو ملازمتوں کے اشتہارات میں کوٹہ کے نفاذ کو یقینی بنانے اور اس نظام کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کو یقینی بنانے میں مدد کرے ۔ اس موقع پر کمیٹی کے رکن میجر طاہر صادق نے کہا کہ مستقل پتہ معلوم کرنے کے لیے ڈومیسائل کیوں ضروری ہے جبکہ ہر فرد کے شناختی کارڈ میں یہ معلومات موجود ہیں؟ کمیٹی کے کنوینر علی نواز اعوان نے کہا کہ اس معاملے پر نادرا سے رائیلی جائے گی اور انہیں اگلے اجلاس میں بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسائل بنوانے کا طریقہ مشکل ہے جسے آسان بنایا جانا چاہیے۔ اس موقع پر وزارتِ سیاحت کے حکام نے اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے کمیٹی ارکان کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر علی نواز اعوان نے کہا کہ اسلام آباد میں سیاحت کے حوالے سے بہت پوٹینشل موجود ہے۔ یہاں گولڑہ شریف اور بری امام جیسے شہرہ آفاق مزارات مذہبی سیاحت کے لیے بہت اہم ہیں یہاں سیاحوں کی سہولت اور کشش کے لیے جدید طریقے اپنانے کی ضرورت ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔