Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانسربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ،امیر البحر امجد خان نیازی سے ملاقات

سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ،امیر البحر امجد خان نیازی سے ملاقات

اسلام آباد،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کر کے نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی سے ملاقات کی ۔

منگل کو ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ایئر چیف کا استقبال کیا، پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے ایئر چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا، ایئر چیف نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کا پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔بعدازاں سربراہ پاک فضائیہ نے امیر البحر سے ملاقات کی اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔نیول چیف نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، امیرالبحر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ مسلح افواج کے مشترکہ شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ ایئر چیف نے خطے میں سمندری تحفظ کیلئے پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور کارکردگی کی تعریف کی۔سربراہ پاک فضائیہ نے پیشہ وارانہ امور میں پاک بحریہ کے بھر پور تعاون کو سراہا اور نیک خواہشات کے اظہار پر نیول چیف کا شکریہ ادا کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔