Tuesday, July 1, 2025
ہومپاکستانحکومت آئی ایم ایف معاہدے ، معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہے،احسن اقبال

حکومت آئی ایم ایف معاہدے ، معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہے،احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف معاہدے ، معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہے،امید ہے آئی ایم ایف کا بورڈ اسٹاف معاہدے کی جلد منظوری دے گا۔وہ منگل کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔

وفاقی وزیر نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کو حکومت کی جانب سے کیے گئے مشکل معاشی اور مالیاتی فیصلوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ مشکل فیصلوں کا مقصد ملک کا معاشی استحکام ہے، جو لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کا باعث بنے گا، امید ہے آئی ایم ایف کا بورڈ اسٹاف معاہدے کی جلد منظوری دے گا۔

ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے معاہدے کے کامیاب اختتام پر پاکستان حکومت کو مبارکباد بھی دی اور یقین دلایا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی معیشت کے استحکام میں مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک مضبوط زرعی شعبہ اور متعلقہ اقتصادی شعبے ہیں، پاکستان میں کم کاربن فوٹ پرنٹ ہونے کے باوجود یہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں ہے ۔

انہوں نے ملک کے زرعی شعبے کے لیے خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے آئی ایم ایف سے مدد طلب کی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کو پورا کرنے میں ممالک کی مدد کرنے پر غور کر سکتا ہے کیونکہ یوکرین کے جاری بحران کی وجہ سے بہت سے ممالک کی معیشتیں متاثر ہوئی ہیں۔ آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ آئی ایم ایف اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ وہ رکن ممالک کی مدد کیسے کر سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے تجویز پیش کی کہ آئی ایم ایف پاکستان کے صوبوں کے سرکاری عہدیداروں کو پبلک فنانس سے متعلق معاملات میں استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیت دینے پر غور کر سکتا ہے کیونکہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد ایسے اہم شعبے صوبوں کے حوالے کر دیے گئے تھے۔ اس پرانہوں نے یقین دلایا کہ فنڈ اس تجویز پر غور کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔