Friday, May 30, 2025
spot_img
ہومبریکنگ نیوزاسرائیلی بمباری سے مزید 19 فلسطینی شہید، نیتن یاہو کی ایران پر حملے کی دھمکی

اسرائیلی بمباری سے مزید 19 فلسطینی شہید، نیتن یاہو کی ایران پر حملے کی دھمکی

غزہ کے شہری دفاع نے کہا ہے کہ اس کے عملے نے غزہ شہر کے الکرمہ علاقے میں الروموز ٹاور میں 3 اپارٹمنٹس پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے 15 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سول ڈیفنس نے بتایا کہ اس حملے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
شہری دفاع نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بیت لاہیہ کے علاقے السلطان میں العطار خاندان کے گھر پر ہونے والے حملے میں 4 افراد شہید اور 5 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
نیتن یاہو کی ایران پر حملے کی دھمکی
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف جوابی کارروائی کرنے اور ان کے سرپرست ایران کے خلاف کارروائی کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
نیتن یاہو نے قبرص کے صدر نکوس کرسٹوڈولائیڈز سے کہا کہ ہمیں اور پوری دنیا کو حوثیوں سے خطرہ ہے، ہم اسے برداشت نہیں کریں گے، اور سخت جوابی کارروائی کریں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے کہ یمنی حوثیوں نے احکام کے تحت اور اپنے سرپرست ایران کی حمایت سے ہم پر حملہ کیا، ہم ایران کو مناسب انتباہ دینے کے لیے جو کچھ کرنے کی ضرورت ہے وہ کریں گے، اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر ایران کو جواب دیں گے۔
حماس کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کی منظوری
دوسری جانب اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے کان نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی سلامتی کابینہ نے غزہ میں حماس کے خلاف کارروائی میں بتدریج توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ مہم کو وسعت دینے کے لیے اپنی ریزرو فورسز کے لیے ہزاروں کال اپ لیٹر جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔

ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے یمن سے داغے گئے میزائل کا ایک حصہ اسرائیل کے مرکزی گیٹ وے بن گوریون ہوائی اڈے کے قریب گرنے کے چند گھنٹوں بعد نیتن یاہو نے ’ایکس‘ پر پیغام میں کہا تھا کہ وہ غزہ میں جنگ کے اگلے مرحلے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس بلا رہے ہیں۔

فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضمیر نے فوجیوں کو بتایا کہ ہم اپنے یرغمالیوں کی واپسی اور حماس کو شکست دینے کے مقصد سے دباؤ بڑھا رہے ہیں۔

اسرائیل کی وائی نیٹ نیوز ویب سائٹ نے پیر کے روز خبر دی ہے کہ سلامتی کابینہ نے غزہ میں امداد کی تقسیم کے لیے ایک نئے منصوبے کی بھی منظوری دی ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ انکلیو میں رسد کب دی جائے گی۔

اسرائیل کیلئے عالمی ایئرلائنز کی پروازیں منسوخ
متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز نے اسرائیل کے بین گوریون ہوائی اڈے کے لیے پروازیں معطل کر دیں۔
جرمنی کی قومی فضائی کمپنی لفتھانسا جیسی متعدد غیر ملکی ایئرلائنز نے حوثیوں کی جانب سے بن گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی حملے کے بعد تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ایئر فرانس، سوئس، آسٹرین ایئرلائنز، برسلز ایئر لائنز اور ہنگری کی کم فضائی کمپنی ویز ایئر نے بھی کم از کم منگل تک اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔

ہسپانوی ایئرلائن ایئر یوروپا نے بھی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر میڈرڈ سے تل ابیب جانے والی اپنی طے شدہ پرواز روک دی ہے۔

امریکا کے یمن پر 10 فضائی حملے
یمن کے حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا اور اس کے گرد و نواح میں تقریبا 10 حملوں کا الزام واشنگٹن پر عائد کیا ہے۔
تل ابیب کے ہوائی اڈے پر یمن کی جانب سے میزائل حملے کے بعد اسرائیل نے حوثیوں اور اس کے مبینہ پشت پناہ ایران کیخلاف کارروائی کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

صبا نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں میں دارالحکومت میں اربعین کی سڑک اور ہوائی اڈے کی سڑک پر کیے گئے 2 حملے شامل ہیں۔

’صبا‘ کے مطابق وزارت صحت نے بتایا کہ حملوں سے ساون کے پڑوس میں 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پوپ فرانسس کی’وین’ غزہ کے بچوں کا ہیلتھ کلینک
ویٹی کن کے سرکاری میڈیا ادارے نے خبر دی ہے کہ پوپ فرانسس کی ایک وین کو غزہ کی پٹی میں بچوں کے لیے موبائل ہیلتھ کلینک میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

آنجہانی پوپ کی جانب سے 2014 میں مقدس سرزمین کے دورے کے دوران استعمال کی جانے والی اس گاڑی کو فلسطینی انکلیو میں نوجوان مریضوں کی مدد کے لیے تشخیصی اور ہنگامی طبی سازوسامان سے آراستہ کیا جا رہا ہے، جہاں اسرائیلی حملے کی وجہ سے صحت کی خدمات تباہ ہو چکی ہیں۔

ویٹی کن نیوز کے مطابق پوپ فرانسس (جن کا گزشتہ ماہ انتقال ہو گیا تھا) نے اپنی موت سے چند ماہ قبل یہ اقدام کیتھولک امدادی تنظیم کیریٹاس یروشلم کو سونپا تھا۔

اس منصوبے کی حمایت کرنے والے کیریٹاس سویڈن کے سیکریٹری جنرل پیٹر برون نے ویٹی کن نیوز کو بتایا کہ یہ ایک ایسے وقت میں ٹھوس، زندگی بچانے والی مداخلت ہے، جب غزہ میں صحت کا نظام تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔