Monday, July 7, 2025
ہومپاکستانبھارت کی جانب سے فوجی کارروائی کسی بھی وقت ممکن ہے، خواجہ آصف

بھارت کی جانب سے فوجی کارروائی کسی بھی وقت ممکن ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے فوجی کارروائی کسی بھی وقت ممکن ہے، دو تین دن اہم ہیں، جنگ چھڑ جانے کی بات نہیں کی لیکن خطرہ موجود ہے، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے، چین اور خلیجی ممالک جنگ روکنے کی کوششیں کررہے ہیں۔
پیر کو خصوصی انٹرویو میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد بھارت کی طرف سے فوجی کارروائی کسی بھی وقت ہو سکتی ہے کیونکہ دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔اس شدت پسند حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد سے انڈین میڈیا اور سیاستدانوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔ بھارت کا الزام ہے کہ پاکستان کشمیر میں شدت پسندی کی حمایت کرتا ہے۔ یاد رہے کہ کشمیر پر دونوں ممالک دو جنگیں بھی لڑ چکے ہیں اور دونوں ہی اس پر اپنی ملکیت کا دعوی کرتے ہیں۔
خواجہ آصف نے روئٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ہم نے اپنی تیاری کر لی ہے کیونکہ اب یہ خطرہ بہت قریب محسوس ہو رہا ہے، ایسے حالات میں حکمتِ عملی کے حوالے سے کچھ اہم فیصلے کرنا ضروری تھے، جو کر لیے گئے ہیں۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ انڈیا کی جانب سے بیانات میں سختی آ رہی ہے اور پاکستان کی فوج نے حکومت کو ممکنہ انڈین حملے کے خدشے سے آگاہ کر دیا ہے تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ انہیں بھارتی کارروائی کے فوری خدشے کا یقین کیوں ہے۔
کشمیر حملے کے بعد بھارت نے 2 مشتبہ عسکریت پسندوں کو پاکستانی قرار دیا تھا جبکہ پاکستان نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہائی الرٹ پر ہے اور ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال صرف اسی صورت میں کیا جائے گا جب ملک کے وجود کو براہِ راست خطرہ لاحق ہو۔
دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جنگ چھڑ جانے کی بات نہیں کی لیکن خطرہ موجود ہے، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انٹرویو میں میرے بیان کا غلط مطلب لیا جارہا ہے، انٹرویو میں مجھ سے جنگ سے متعلق سوال ہوا تھا، میں نے کہا تھا اگلے دو تین دن اہم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انویسٹی گیشن سے متعلق بھارت کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا، بھارت کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، بھارت سمجھتا ہے کہ الزام میں صداقت ہے تو تحقیقات کرالے، ہماری غیر جانبدارانہ تحقیقات کی دعوت کا کوئی جواب نہیں آیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ چند روز میں جنگ کا خطرہ ضرور موجود ہے لیکن کشیدگی کم بھی ہو سکتی ہے لیکن میں نے کہا تھا کہ کشیدگی کم بھی ہوسکتی ہے، چین اور خلیجی ممالک بھی جنگ روکنے کی کوششیں کررہے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی سرحدوں پرفوج کھڑی ہے، ہماری تینوں مسلح افواج تیار ہیں، ملک کے ہر انچ کا دفاع کریں گے، انٹرنیشنل فورم پر بھارت پہلگام واقعے کی انویسٹی گیشن کرا لے، ہم پہلگام واقعے پر بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کرنا چاہتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔