Thursday, December 26, 2024
ہومکامرسچینی معیشت کی 2024 کے اہداف کے حصول کے لئے بہتر پیشرفت

چینی معیشت کی 2024 کے اہداف کے حصول کے لئے بہتر پیشرفت

بیجنگ(شِنہوا)چینی معیشت کی چوتھی سہ ماہی کے پہلے مہینے میں کئی محاذوں پر مستحکم کارکردگی نے مغرب کے بعض تجزیہ کاروں کے لئے یہ نتیجہ اخذ کرنا قبل از وقت بنا دیا ہے کہ چین اپنے سالانہ معاشی اہداف سے محروم رہے گا۔ اس کے برعکس ملک اپنے معاشی اہداف کے حصول کے لئے پراعتماد ہے اور عالمی ترقی کو چلانے کا ایک اہم ذریعہ رہے گا-


عام طور پر چین کی سالانہ معیشت میں چوتھی سہ ماہی کا سب سے بڑا حصہ ہوتا ہے، جو حالیہ برسوں میں 27 فیصد سے زیادہ ہے۔ حال ہی میں جاری ہونے والے متعدد اہم معاشی اشاریوں کے مطابق معاشی ترقی کے لئے مثبت عوامل میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ چوتھی سہ ماہی نے اضافی پالیسی اقدامات کے پیکیج کی بدولت ایک اچھا آغاز کیا ہے۔


اکتوبر میں کھپت، سرمایہ کاری، برآمدات اور منڈی کے رجحان میں نمایاں بہتری آئی جبکہ خدمات کی پیداوار کے انڈیکس میں رواں سال تیز ترین رفتار سے اضافہ ہوا۔ ریئل اسٹیٹ پروڈکشن انڈیکس میں گزشتہ ماہ جون 2023 کے بعد پہلی بار اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ اکتوبر میں اشیائے صرف کی فروخت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.8 فیصد اضافہ ہوا۔ اکتوبر میں اشیاء کی برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت 11.2 فیصد اضافہ ہوا جو مئی 2023 کے بعد سے بلند ترین شرح ہے۔ مینوفیکچرنگ پرچیزنگ منیجرز انڈیکس گزشتہ ماہ 50.1 تھا جو مسلسل 5 ماہ تک 50 سے نیچے رہنے کے بعد بڑھوتری کی طرف لوٹ آیا۔


اکتوبر میں اہم معاشی اشاریوں میں بہتری حوصلہ افزا اور قابل ذکر ہے۔ یہ رجحان سال کے آخری 2 مہینوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے کیونکہ کاروباری اداروں اور صارفین کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
چوتھی سہ ماہی روایتی طور پر پیداوار اور کھپت کے لئے ایک اہم وقت ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اکتوبر میں گاڑیوں اور گھریلو آلات کی فروخت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ چین کی نئی توانائی گاڑیوں کی فروخت گزشتہ ماہ 14 لاکھ 30 ہزار یونٹس تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کی نسبت 49.6 فیصد زیادہ ہے۔


اکتوبر میں نئے کمرشل ہاؤسنگ اور موجودہ گھروں کے لین دین کے حجم میں گزشتہ سال کی نسبت 3.9 فیصد اضافہ ہوا جو مسلسل 8 ماہ تک کمی کے بعد پہلا اضافہ ہے۔ اس کے علاوہ شنگھائی اور شین زین سٹاک ایکسچینج کا اوسط یومیہ کاروبار بھی حوصلہ افزا تھا جو اکتوبر میں 19 کھرب 80 ارب یوآن تک پہنچ گیا جو تقریباً 150 فیصد کا اضافہ بنتا ہے۔


2024کی پہلی 3 سہ ماہیوں میں چینی معیشت میں 4.8 فیصد اضافہ ہوا۔ چوتھی سہ ماہی کے اچھے آغاز کو دیکھتے ہوئے چین 2024 کے ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں پراعتماد ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔