Saturday, December 21, 2024
ہومتعلیماسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اورپی ایم ڈی سی کے تحت سیمینار

اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اورپی ایم ڈی سی کے تحت سیمینار

اسلام آباد (سب نیوز )اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے تعاون سے “میڈیکل جرنلز کے معیار کو بڑھانے میں ایکریڈیٹیشن کے کردار” کے عنوان سے ایک فکر انگیز سیمینار کا انعقاد کیا جس میں طبی تحقیق اور اشاعت کے شعبے سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات بشمول چیف ایڈیٹرز، ایڈیٹوریل بورڈ کے اراکین، اور طبی محققین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے تسلیم شدہ تحقیق کی اہمیت پر زور دیا اور سیمینار کے انعقاد میں آئی ایم ڈی سی انتظامیہ کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

دیگر معزز شرکا میں آئی ایم ڈی سی کے چیئرمین ڈاکٹر غلام اکبر خان نیازی اور سی ای او یاسر خان نیازی کے علاوہ سی یو آئی کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم اور رجسٹرار کرنل (ر) ڈاکٹر غلام مجتبی عباسی بھی موجود تھے۔محترم شوکت علی جاوید، پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل، پروفیسر ڈاکٹر خالد حسن، پروفیسر ڈاکٹر اختر شیرین، پروفیسر ڈاکٹر ایس ایچ وقار سمیت معزز مقررین نے معیاری طبی جرائد کے لیے درکار چیلنجز پر تفصیلی بات چیت کی۔

پینل نے اعلی معیار کی تحقیق کو برقرار رکھنے میں ایکریڈیشن کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سخت ادارتی معیارات کی ضرورت اور تعلیمی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے بہترین طریقوں کے نفاذ پر اظہارِ خیال کیا۔ یاسر نیازی نے قومی اور بین الاقوامی دونوں پلیٹ فارمز پر اصل تحقیق کو فروغ دینے کی وکالت کرتے ہوئے تحقیق اور ترقی کا زیادہ موثر ماحول پیدا کرنے کے لیے شرکت کرنے والی تنظیموں کے درمیان مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر آئی ایم ڈی سی کے طلبا نے اپنے تحقیقی پوسٹرز آویزاں کیے جنہیں شرکا نے بے حد سراہا۔

بہترین پوسٹرز کو انعامات سے نوازا گیا تاکہ نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کی جائے۔آئی ایم ڈی سی ریسرچ جرنل کے منیجنگ ایڈیٹر ڈاکٹر عثمان وحید نے کہا کہ آئی ایم ڈی سی اور پی ایم ڈی سی کی مشترکہ کاوش اس بات کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے کہ طبی اشاعتیں معیار اور دیانت کے اعلی ترین معیارات کو برقرار رکھیں اور بالآخر تمام طبی برادری کو فائدہ پہنچے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔