بیجنگ : چین میں نیشنل کالج انٹری ٹیسٹ 2024کا آغاز ہو گیا ۔ چین کی وزارت تعلیم کے ایجوکیشن ایگزامنیشن انسٹی ٹیوٹ کی اطلاع کے مطابق رواں سال چین کے صوبہ جیانگ سو، اندرونی منگولیا اورشی زانگ سمیت 11 صوبوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے 15 نابینا طلباء کے لیے امتحان میں خاص طور پر بریل ٹیسٹ کے پرچے فراہم کیے گئے ہیں۔
یہ 2014 کے بعد سے مسلسل 11 واں سال ہے کہ محکمہ تعلیم نے کالج داخلہ امتحان میں نابینا طلباء کو بریل ٹیسٹ کے پرچے فراہم کیے ہیں۔متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق نابینا طلباء کو متعدد سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں، جن میں امتحانی کمرے میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کے لئے گرین چینل قائم کرنا، گراؤنڈ فلور کے کمرے کا انتظام کرنا یا رسائی کو آسان بنانے کے لئے ایک علیحدہ امتحانی کمرہ قائم کرنا، اور امتحان کے وقت کو معقول طور پر بڑھانا وغیرہ شامل ہیں۔
اس سال کے کالج داخلہ امتحان میں ملک بھر کے امتحانی مراکز نے امتحانات میں جعل سازی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن پر زور دیا تاکہ امتحان کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے. کالج داخلہ امتحان کے دوران ، تمام علاقوں اور محکموں نے آپس میں تعاون کو مضبوط کیا اور متعدد اقدامات اٹھائے۔ ٹریفک پولیس کی ٹیم نے امتحانی مرکز کے علاقے میں خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی تاکہ ٹریفک جام یا حادثات سے بچا جا سکے۔شنگھائی ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے طلباء کی پک اپ اور ڈراپ آف گاڑیوں کی پارکنگ کی ضروریات کو ہر ممکن حد تک پورا کرنے کے لئے امتحانی مرکز کے ارد گرد ٹریفک کی روانی کو مزید بہتر کیا گیا ہے۔