اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کسی کو انتخابات میں مائنس یا پلس نہیں دیکھ رہا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میری پارٹی سے کوئی ناراضی نہیں ہے، میں پارٹی کا عہدیدار نہیں ہوں، ضرورت ہوئی تو مشاورت کیلئے بلالیں گے۔
انھوں نے کہا کہ پارٹی میں 2 بیانیوں کی گنجائش نہیں ہے، مختلف بیانیے سے ابہام پیدا ہوتا ہے، شہبازشریف کو اپنے بیان کی وضاحت کرنی چاہیے، شہبازشریف کی میڈیا سے دوری سے ابہام بڑھا ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مستقبل کا تعین کیے بغیر انتخابات بے معنی ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز بیٹھ کر فیصلہ کریں، آگے کیا کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے جو کہا وہ ہوا یا نہیں ، ٹروتھ کمیشن بنا دیں، صورتحال سامنے آجائے گی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں ان باتوں کوعوام کے سامنے رکھنا ہوگا، نوازشریف نے جو کہا تھا وہ عوامی بحث ہے۔