Tuesday, July 1, 2025
ہومبریکنگ نیوزرضوانہ تشدد کیس: سول جج کی اہلیہ نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

رضوانہ تشدد کیس: سول جج کی اہلیہ نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ تشدد کیس میں نامزد ملزمہ سومیہ عاصم نے اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے درخواست دائر کر دی۔
رضوانہ تشدد کیس میں گرفتار ملزمہ سومیہ عاصم نے جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کے روبرہ ضمانت کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان پر ایف آئی آر میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور مبالغہ آرائی پر مبنی ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کم سن ملازمہ رضوانہ اپنے والدین کی مرضی سے صومیہ عاصم کے گھر رہائش پذیر تھی اور صومیہ عاصم کا کم سن ملازمہ رضوانہ کے ساتھ رویہ اپنے بچوں کے جیسا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیا کیا گیا ہے کہ سومیہ عاصم پڑھی لکھی، عزت دار اور شائستہ خاتون ہیں، سومیہ عاصم کے خلاف حقائق توڑ مروڑ کر پیش کیے گئے، وہ میڈیا میں منفی مہم کے باعث زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سومیہ عاصم معصوم ہیں اور ان کو مقدمے میں غلط طریقے سے شامل کیا گیا ہے، ایسے کوئی شواہد نہیں جو سومیہ عاصم کو لگائے گئے الزامات سے جوڑ سکیں، سومیہ عاصم کی مقدمے میں شمولیت بدنیتی اور مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سومیہ عاصم کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے سومیہ عاصم کی درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کر دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔