Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستاناحساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت تقسیم رقوم کی تفصیلات سامنے آگئیں

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت تقسیم رقوم کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد(ارمان یوسف)حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کی وباء کے دوران شروع کئے گئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت غرباء میں تقسیم کی گئی رقوم کی تفصیلات سامنے آگئیں ،9اپریل2020سے 20نومبر2020تک ایک کروڑ48لاکھ 25 ہزار 894 افراد میں فی کس 12ہزار روپے تقسیم کئے گئے ،آٹھ ماہ کے دوران مستحقین میں مجموعی طور پر ایک کھرب 79ارب 21کروڑ49 لاکھ 70 ہزار روپے تقسیم کئے گئے ۔تخفیف غربت ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 69لاکھ34 ہزار 842 افراد نے رجسٹریشن کروائی جن میں سے ایک کروڑ48لاکھ 25ہزار894افراد میں احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت رقوم تقسیم کی گئیں ،پنجاب میں 66لاکھ 17ہزار 79مستحقین میں 79ارب 99کروڑ 93لاکھ 40ہزار روپے تقسیم کئے گئے ۔ سندھ میں 45 لاکھ 89 ہزار662مستحقین میں 55ارب 30کروڑ51 لاکھ30 ہزار روپے کی امداد تقسیم کی گئیں ۔خیبرپختونخوا میں 25لاکھ6ہزار424 مستحقین میں 30ارب 39کروڑسے زائد کی رقوم تقسیم کی گئیں ۔بلوچستا ن میں سات لاکھ ایک ہزار چار سو انیس مستحقین میں آٹھ ارب اکاون کروڑتیس لاکھ چالیس ہزار روپے تقسیم کئے گئے ۔آزاد کشمیر میں دو لاکھ اکتیس ہزار سات سو ستاون مستحقین میں دو ارب بیاسی کروڑ 68لاکھ30ہزار روپے تقسیم کئے گئے ۔ گلگت بلتستان میں ایک لاکھ دس ہزار 472مستحقین میں ایک ارب 34 کروڑ 67 لاکھ 50 ہزار روپے تقسیم کئے گئے جبکہ اسلام آباد میں 69ہزار 81مستحقین میں مجموعی طور پر 83کروڑ38لاکھ50ہزار روپے کی رقوم تقسیم کی گئیں ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔