Saturday, April 20, 2024
ہومتازہ ترینکراچی میں پہلی الیکٹرک بس چل پڑی،کرایہ 10 روپے

کراچی میں پہلی الیکٹرک بس چل پڑی،کرایہ 10 روپے

کراچی(آئی پی ایس )کراچی میں الیکٹرک بس منصوبے کا آغاز ہوگیا جو ٹاور سے سہراب گوٹھ تک چلے گی اور ایک اسٹاپ کا کرایہ 10 روپے ہوگا۔ وزیرٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت الیکٹرک بس کا افتتاح کیا۔ الیکٹرک بس ٹاور سے سہراب گوٹھ تک چلے گی جس کا ایک اسٹاپ کا کرایہ 10 روپے ہوگا، بس کے مجموعی طور پر 10 اسٹاپ ہوں گے، سیفائر گروپ کی الیکٹرک بس 37 سیٹوں پر مشتمل ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک بس آزمائشی بنیادوں پر ٹاور سے براستہ ایم اے جناح روڈ شاہراہ پاکستان سہراب گوٹھ تک چلائی جائے گی، ایک سے دوسرے اسٹاپ تک کرایہ دس روپے رکھا گیا ہے، اس کا کرایہ فی کلو میٹر 4 روپے ہوگا اور یہ سیٹ ٹو سیٹ چلے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سیفائر گروپ کی بس مکمل طور پر الیکٹرک بس ہے، ہرماہ ان بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، 2017 سے اس شعبے میں جتنا کام ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہوا، کورونا کی وجہ سے بہت سی چیزیں متاثر ہوئی ہیں تاہم اب الیکٹرک بس منصوبہ کا پہلی مرتبہ سندھ میں آغاز ہوا ہے، رواں سال کے آخر تک 100 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر لائی جائیں گی۔