Friday, July 5, 2024
ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد ہائیکورٹ کا زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

اسلام آباد(آئی پی ایس)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ ابھی نام نکال رہے ہیں، آئندہ ان کو بھی بلائیں گے جو ای سی ایل میں نام ڈالنے کی منظوری دیتے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی، زرتاج گل اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت عالیہ نے زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایف آئی آر کا ریکارڈ پیش کردیا گیا، 2 ایف آئی آر میں نام ہے، جس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ دہشت گردوں کا نام تو آپ ڈالتے نہیں، ارکان اسمبلی عدالت آرہے ہیں، آئی جی کو بلاؤں گا اور پوچھوں گا۔

جج اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ ایک سیاسی رہنما ریلی نکالتا ہے تو نام ای سی ایل میں ڈال دیتے ہیں، میرے پاس توکسی گینگ یا دہشت گردوں کا کیس نہیں آیا، کوئی ہے پوچھنے والا، جو نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کرتے ہیں وہ بھی ڈرتے ہیں۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ ان پر کون کون سے کیسز میں ہیں، جس پر وکیل زرتاج گل نے بتایا کہ مقدمہ نمبر567 اور 340 میں جواب جمع کرادیے، آج ارجنٹ میں متفرق درخواست لگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج نے استفسار کیا کہ 2 ہی مقدمات ہیں کیا، دونوں میں ضمانت پر ہیں؟ جس پر وکیل زرتاج گل نے کہا کہ جی دونوں مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ کسی اغواء برائے تاوان اور گینگ ریپ والوں کا کیس نہیں آیا، چھوٹے الزامات ہیں، تمام قابل ضمانت ہیں اور نام ای سی ایل میں ڈال دیتے ہیں، ابھی نام نکال رہے ہیں، آئندہ ان کو بھی بلائیں گے جو منظوری دیتے ہیں۔

جج نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے میں نام ای سی ایل سے نکال کر رپورٹ پیش کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔