Saturday, July 27, 2024
ہومتازہ ترینکاروباری سرگرمیوں پر محدود اوقات کی پابندی ختم کرنیکا خیر مقدم کرتے ہیں،یاسر الیاس

کاروباری سرگرمیوں پر محدود اوقات کی پابندی ختم کرنیکا خیر مقدم کرتے ہیں،یاسر الیاس

اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے تجارتی سرگرمیوں پر سے وقت کی حد کو ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا اور اسے ایک مثبت پیشرفت قرار دیا ہے کیونکہ اس سے کاروباری برادری اس قابل ہو گی کہ وہ محدود اوقات کی پابندیوں کے بغیر کاروبار چلا کر کاروباری نقصانات کا کچھ ازالہ کرے اور ملک کی معیشت کو بحال کرنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کروناوائرس کے کیسوں میں کمی کے ساتھ ہی حکومت نے کاروباری اداروں سے اوقات کی پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ظاہر ہے کہ کاروبار اور معیشت کے مفادات کا بہتر تحفظ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کروناوائرس کے پھیلا کو روکنے کے لئے حکومت کو مجبورا لاک ڈاؤن اور کاروباری سرگرمیوں کو محدود کرنے کے اقدامات اٹھانا پڑے تاہم ان اقدامات سے کاروباری سرگرمیوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت تجارتی سرگرمیوں پر پابندیاں ختم کر رہی ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے اور نقصانات کی بازیابی میں تاجر برادری کو مدد ملے گی۔انہوں نے ان مشکل حالات میں کاروباری برادری کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر اسلام آباد انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور چیف کمشنر اسلام آباد عامرعلی احمد کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی تاجر برادری کے ساتھ اسی طرح کا تعاون جاری رکھیں گے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ حکومت نے 15 مارچ 2021 سے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ شادی ہالز کے اندر فنکشنز منعقد کرنے کی اجازت دے دی ہے جو قابل ستائش فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد کا روزگار مارکیز اور شادی ہالز سے وابستہ ہے لیکن ان کو بند کرنے سے بے شمار لوگ بیروزگاری کا شکار ہو گئے تھے جس سے ان کے اہل خانہ شدید مالی مشکلات سے دوچار تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرغی، گوشت، پھل اور سبزیوں سمیت بہت سے ذیلی شعبوں کا کاروبار مارکیز اور شادی ہالز سے منسلک ہے لہذا ان کو کھولنے سے تمام منسلک شعبوں کا کاروبار دوبارہ بحال ہو گا اور بے روزگاری میں کمی واقع ہو گی۔تجارتی سرگرمیوں پر سے پابندیاں ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم اور نائب صدرعبد الرحمن نے تمام شعبوں کی کاروباری برادری سے پرزور اپیل کی کہ وہ تجارتی وصنعتی سرگرمیاں چلاتے ہوئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے اور کروناوائرس پر قابو پانے کی حکومتی کوششوں کا بھرپور ساتھ دے تاکہ کرونا کی صورتحال مزید بہتر ہو اور تمام کاروباری سرگرمیاں اپنے معمول کے مطابق بحال ہو سکیں جس سے ہماری معیشت جلد استحکام کی طرف گامزن ہو گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔