Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانپاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں انکا ساتھ دیتا رہے گا، تنویر الیاس

پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں انکا ساتھ دیتا رہے گا، تنویر الیاس

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی و پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر رہنما سردار تنویر الیاس خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اور مختلف ٹیلی ویثرن چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کی بہادر عوام نے آزادی کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دیں ان عظیم شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستانی قوم اور مسلح افواج کشمیریوں کے ساتھ آزادی کی منزل پانے تک ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی،سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے ایشو پر پاکستان کی تمام سیاسی ، مذہبی جماعتیں ایک ساتھ کھڑی ہیں، پاکستان میں بسنے والے تمام لوگ بلا تخصیص کشمیریوں کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اورمقبوضہ جموں کشمیر پربھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ اب پاکستان زیادہ زور دار طریقہ سے کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں کشمیر تقسیم ہندوستان کا نا مکمل ایجنڈہ ہے اور مقوضہ کشمیر کی آزادی کے بعد ہی وہ ایجنڈہ مکمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کو جاندار طریقے سے آگاہ کررہا ہے کہ بھارت نے سات دہائیوں سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔ لیکن بھارتی جبرو ستم کے باوجود کشمیری اپنے حقِ خودارادیت سے دستبردار ہونے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مظلوم اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ بے گناہ کشمیری نوجوانوں پر تشدد اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات عام ہیں، اس وقت پوری کشمیری سیاسی قیادت بھارتی جیلوں میں قید ہے ان میں کئی رہنما علیل ہیں۔ خواتین کی عصمت دری اور بے گناہ کشمیریوں کا قتلِ عام جاری ہے۔ کشمیر پر غاصبانہ بھارتی قبضہ اورنہتے کشمیریوں پربھارت کے بڑھتے مظالم دنیا کے انسانی حقوق کے علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ کاش کہ دنیا اٹھ کر بدمعاش بھارت کا ہاتھ روک لے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہندوستان خود اقوام متحدہ میں گیا تھا اور اقوام متحدہ نے رائے شماری کرانے کا کشمیریوں سے وعدہ کیا تھا ہم آج عالمی برداری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کے بارے میں متعدد قراردادیں زیر التوا ہیں۔ ان پر عمل نہیں کیا جاتا، اقوام متحدہ اوربین الاقوامی برادری کو اب یہ بات سمجھ آجانی چاہئے کہ بھارت کا کشمیر پر ناجائز قبضہ اور پاکستان کے بارے میں مذموم اور ناپاک عزائم اس خطے اور پوری دنیا کو خطرناک صورتحال سے دوچار کرسکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔