Saturday, July 27, 2024
ہومکھیلپاکستان کیلئے انڈر 19 کھیلنے والے کینیڈین بولر پرانے ساتھی بابر اعظم کی وکٹ لینے کیلئے پر امید

پاکستان کیلئے انڈر 19 کھیلنے والے کینیڈین بولر پرانے ساتھی بابر اعظم کی وکٹ لینے کیلئے پر امید

پاکستان کیلئے ماضی میں انڈر 19 کھیلنے والے کینیڈین بولر کلیم ثناء اپنے پرانے ساتھی بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں وکٹ لینے کیلئے پر امید ہیں۔

پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں دو شکستوں کے بعد آج کینیڈا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

میچ سے قبل کینیڈین ٹیم کے فاسٹ بولر کلیم ثناء نے جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ 2009 میں پاکستان انڈر 19 ٹیم سے منتخب ہوا، 2010 میں انڈر 19 ورلڈ کپ کیلئے سلیکٹ ہوا، بابر اعظم کے ساتھ 8 سال کرکٹ کھیلی، انڈر 16 سے ساتھ تھا، پاکستان میں جو آخری فرسٹ کلاس کھیلا تھا اس میں بھی بابر حریف ٹیم میں تھا۔

کلیم ثناء نے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہوا، لیکن اب کینیڈا کا پلیئر ہوں، ورلڈ کپ میچ کیلئے پرجوش ہوں، میری فیملی اور دوست جو پاکستان میں ہیں، ان کی سپورٹ تقسیم رہے گی، گھر والے مجھے سپورٹ کریں گے مگر وہ چاہیں گے کہ پاکستان جیتے۔

کینیڈین ٹیم کے فاسٹ بولر نے کہا کہ ہم نے ورلڈ کپ کیلئے کافی محنت کی ہے، کینیڈا کی ٹیم کا مورال اس وقت کافی بلند ہے، پاکستان دو میچز ہارنے کے بعد دباؤ میں ہوگا، ہم پاکستان کو ہرانے کیلئے پورا پلان کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی ورلڈ کپ کھیلنے اور اچھا کرنے آئے ہیں، میں نیا گیند کرتا ہوں اس لیے میرا ہدف بابر اور رضوان کی وکٹ لینا ہے، بابر سے مقابلے میں بچپن کی دوستی آڑے نہیں آئے گی۔

کلیم ثناء نے کہا کہ بابر آج کل تنقید کی زد میں ہے لیکن وہ اب بھی چار بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ڈومیسٹک پر بات کرنے کا حق نہیں مگر سمجھتا ہوں کہ پرفارمرز کو موقع ملنا چاہیے ، انڈر 19 کے دور میں میرا بھی ارمان تھا کہ پاکستان کیلئے کھیلوں، جب پاکستان انڈر 19 کیلئے منتخب ہوا تھا تو کافی اچھا محسوس ہوا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔