Friday, July 5, 2024
ہومتازہ ترینٹی 20کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ ،امریکا میں کرکٹ کا عالمی میلہ سج گیا، افتتاحی میچ میں امریکا نے کینیڈا کو 7وکٹوں سے شکست دیدی

ٹی 20کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ ،امریکا میں کرکٹ کا عالمی میلہ سج گیا، افتتاحی میچ میں امریکا نے کینیڈا کو 7وکٹوں سے شکست دیدی

ڈیلس(آئی پی ایس )آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے افتتاحی میچ میں امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ڈیلس میں کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امریکا کو جیت کیلئے 195 رنز کا ہدف دے دیا جو کہ میزبان ٹیم نے 17اعشاریہ4اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، سٹیون ٹیلر صفر، مونانک پٹیل 12 اور اینڈرس گوس 65 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کوری اینڈرسن 3 اور ایرون جونز 94 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔کینیڈا کی جانب سے کلیم ثنا، ڈیلون ہیلیگر اور نکھیل دتہ نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔قبل ازیں امریکا کے کپتان موناک پٹیل نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو بیٹنگ کی دعوت دی، کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 194 رنز بنائے، ناونیت دھالیوال نے 61 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، اس کے علاوہ نکولس کرٹن نے 51، ایرون جونسن نے 23 دلپریت باجوہ نے 11 رنز بنائے جبکہ شریاس مووا 32 سکور کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

امریکا کی جانب سے علی خان، ہرمیت سنگھ اور کوری اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔دوسری طرف ٹی 20 کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ کیلئے امریکا میں کرکٹ کا عالمی میلہ سج گیا۔میچ سے قبل آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مختصر سی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں گراونڈ میں کینیڈا اور امریکا کے پرچم کے ساتھ قومی ترانے بجائے گئے اور آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔