Saturday, July 27, 2024
ہومبریکنگ نیوزکون سے صوبے کی جامعات میں کتنے مستقل وائس چانسلر ہیں؟ رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش

کون سے صوبے کی جامعات میں کتنے مستقل وائس چانسلر ہیں؟ رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش

اسلام اباد (سب نیوز )سرکاری یونیورسٹیوں جامعات میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتیوں کے معاملے پر ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی جامعات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی۔سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس میں کاہ محکمہ تعلیم میں بیٹھے افسران کیا مکھیاں مار رہے ہیں۔ منظم طریقے سے پاکستان کے مستقبل کو تباہ کیا جارہا ہے۔ ملک میں سبھی کچھ آہستہ آہستہ دھنستا جارہا ہے۔

پاکستان بھر میں 154 سرکاری جامعات میں سے 66 میں وائس چانسلر کا اضافی چارج یا پھرعہدے خالی ہیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس میں کہا کہ اگر گالم گلوچ کے اعداد و شمار جاری ہوں تو پاکستان پہلے نمبر پر آئے گا۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سرکاری جامعات میں مستقل وائس چانسلرکی تعیناتی سے متعلق ازخود نوٹس پر سماعت کی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعات سے متعلق رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کی 29 میں سے 5 جامعات میں وائس چانسلر نہیں۔

بلوچستان کی 10 میں سے 5 جامعات میں قائم مقام وائس چانسلر تعینات ہیں۔ خیبر پختونخوا کی 32 میں سے 16 جامعات میں وائس چانسلر کا اضافی چارج دیا گیا ہے کہ 6 میں وائس چانسلر تعینات نہیں۔ پنجاب کی 49 میں سے 29 جامعات میں قائم مقام وائس چانسلر ہیں۔ سندھ کی 29 میں سے 5 جامعات میں اضافی چارج پر وائس چانسلر تعینات ہیں۔

چیف جسٹس نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کچھ لوگ اسکول تباہ کرکے سمجھ رہے ہیں کہ اسلام کی کوئی خدمت انجام دی جارہی ہے۔ اسکول تباہ کرنے والوں سے حکومتیں مذاکرات بھی کرتی ہیں۔ قومی ایئر لائن کی طرح جامعات میں بھی تباہی کا سماں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔