Saturday, July 27, 2024
ہومکامرسسٹیٹ بینک کاکاروباری حضرات کو قرضوں کی فراہمی کیلئے مختلف شہروں میں معلوماتی سیمینارزکے انعقاد کافیصلہ

سٹیٹ بینک کاکاروباری حضرات کو قرضوں کی فراہمی کیلئے مختلف شہروں میں معلوماتی سیمینارزکے انعقاد کافیصلہ

فیصل آباد،سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کی حوصلہ افزائی سمیت انہیں قرضوں کے حصو ل میں درپیش دشواریوں کا بروقت ازالہ ممکن بنا نے کیلئے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری حضرات کو قرضوں کی فراہمی کیلئے مختلف شہروں میں معلوماتی سیمینارزکے انعقاد کافیصلہ بھی کیا ہے تاکہ مذکورہ طبقہ کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی جاسکے بلکہ انہیں تمام ممکن مراعات و سہولیات فراہم کر کے ملکی معاشی و اقتصادی ترقی میں بھی حصہ دار بنایا جا سکے۔بینک ترجمان کے مطابق اکثر ایس ایم ایز بینکوں سے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار سے ناواقف ہیں جس کی آگاہی کیلئے تمام کمرشل بینکس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس اقدام کا بنیا دی مقصد بز نس کمیونٹی کو صنعت و حرفت کے جدید تقاضوں سے روشنا س کرانا، اس سلسلہ میں ہر طرح کی معلومات بہم پہنچانا اور جس حد تک ممکن ہو سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن ِ عزیز کو معاشی حوالے سے جن مشکل حالات کا سامنا ہے ان کا تقاضہ ہے کہ ہماری بزنس کمیونٹی کاروبار کے جدید تقاضوں کا ادراک کرے اور مستقبل میں پیش آنیوالے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت پلاننگ کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد کی علاقائی معیشت زیادہ تر چھوٹے اور درمیانے صنعتی اداروں سے وابستہ ہے لہذا اس حوالے سے بہت ساری گھریلو صنعت ان آرگنائزڈسیکٹر میں کام کر رہی ہے جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور علاقائی معیشت کی نموبھی اسی سے منسلک ہے اس لئے ملک میں موجودہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ دیا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔