Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانپاک بھارت مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں، وزیرخارجہ

پاک بھارت مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں، وزیرخارجہ

دوشنبے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سب سے بڑا تنازع ہے، امن کے لیے تصفیہ طلب مسائل کا حل ناگزیر ہے، بھارت ایک قدم اٹھائے ہم دو قدم اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔تفصیلات کے مطابق دوشنبے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پانچ اگست 2019 کے اقدامات سے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوا، پاک بھارت مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، بھارت کو بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا، بھارتی ہم منصب جے شنکر کا دوشنبہ کانفرنس میں پاکستان مخالف بات نہ کرنا مثبت پیش رفت ہے۔قبل ازیں دوشنبے میں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس وزارتی کانفرنس سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حصے کے طور پر پاکستان پر امن، مستحکم، متحد، خود مختار اور خوشحال افغانستان کے قیام کے لئے اپنی مدد جاری رکھے گا، ہم نے افغانستان کے اندر اور باہر سے خرابی پیدا کرنے والوں کے کردار سے متعلق ہمیشہ خبردار کیا ہے، ہمیں ڈر ہے کہ داعش یا القاعدہ نے کوئی جگہ حاصل کرلی تو دہشت گردی کا خطرہ بڑھ جائے گا، ہمیں تشویش ہے کہ انفراسٹرکچر کی تباہی اور معاشی مواقع نہ ہونے کے باعث افغان امن عمل کے اب تک حاصل ہونے والے ثمرات خطرات کی بھینٹ چڑھ سکتے ہیں۔شاہ محمود نے کہا کہ افغانستان میں امن اور ترقی کی خواہش پاکستان سے زیادہ اور کسی کو نہیں ہوسکتی، افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، یہ امر ناگزیر ہے کہ یہ سوچ افغان فریقین کی رہنمائی کرتی رہے اور عالمی برادری افغان عوام کی امنگوں اور خواہشات کی حمایت جاری رکھے، سی پیک افغانستان کے لئے ثمرات اور فوائد کے نئے امکانات لئے موجود ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔