Saturday, July 27, 2024
ہوماسلام آبادہیکرز کی طرف سے اسلام آباد سیف سٹی سسٹم کو ہیک کرکے حساس نوعیت کا ڈیٹا چوری کرنے کا انکشاف

ہیکرز کی طرف سے اسلام آباد سیف سٹی سسٹم کو ہیک کرکے حساس نوعیت کا ڈیٹا چوری کرنے کا انکشاف

اسلام آباد(آئی پی ایس )ہیکرز کی طرف سے اسلام آباد سیف سٹی سسٹم کو ہیک کرکے حساس نوعیت کا ڈیٹا چوری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق معاملے سے آگاہ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ہیکرز کے حملے کے بعد اسلام آباد سیف سٹی اتھارٹی کا سسٹم آف لائن کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ہیکنگ کی یہ واردات گزشتہ جمعرات کے روز ہوئی۔ ہیکرز سسٹم کے بنیادی سرور میں گھسے اور حساس نوعیت کے ڈیٹا اور ریکارڈز تک رسائی حاصل کر لی، جن میں کریمینل ڈیٹا بیس بھی شامل ہے۔ ہیکرز کے حملے کے فوری بعد خودکار سکیورٹی نظام کے تحت سسٹم کے سرورز بند ہو گئے۔
حکام کی طرف سے اتھارٹی کے پاس متبادل سرورز نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ سرورز بند ہونے سے اتھارٹی کا تمام سسٹم مفلوج ہو کر رہ گیا کیونکہ متبادل سرورز نہ ہونے کی وجہ سے سسٹم کو چالو رکھنا ناممکن تھا۔ رپورٹ کے مطابق سائبر حملے کے بعد اتھارٹی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے سافٹ ویئر اور ایپلی کیشنز کے تمام لاگ ان ڈِس ایبل کر دیئے، جو سرورز تک رسائی کے لیے ناگزیر تھے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کا سسٹم ڈاون ہونے سے آن لائن تمام سہولیات متاثر،اسلام آباد پولیس کو مقدمات آن لائن کرنے میں دشواری کا سامنا ہے ، اسلام آباد کے تھانوں میں عارضی طور پر آن لائن کام روک دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے کام جاری ہے،سسٹم بحال ہونے میں دو روز لگ سکتے ہیں ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔