لاہور(آئی پی ایس )مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی اہلیہ پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں شہبازشریف اور ان کی فیملی کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر ن لیگی کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جنہوں نے حمزہ شہباز کے حق میں نعرے بازی کی۔ شہباز شریف کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی تھی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز پر فر د جرم عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرنیب کے گواہان کو طلب کرلیا۔نصرت شہباز پر پلیڈر کے ذریعے فرد جر م عائد کی گئی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کردی۔دوسری جانب شہباز شریف فیملی کے اثاثہ جات منجمد کرنے کے خلاف اعتراضات پر سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی،احتساب عدالت لاہور نے وکلاکو آئندہ سماعت پر بحث کے لیے طلب کرلیا۔گزشتہ ایک سماعت پر نصرت شہباز کے وکیل نے عدالت میں حاضری سے استثنی پر دلائل دئیے تھے۔ انہوں نے موقف اپنایا کہ نصرت شہباز 66سال کی ہیں اور مختلف امراض میں مبتلا ہیں ۔عدالت میں تمام قانونی طریقہ کار اختیار کر کے استثنی کی درخواست دائر کی ہے۔نصرت شہباز جس وقت ملک سے باہر گئیںاس وقت ان کے خلاف کوئی کیس نہیں تھا ۔ان کے چار میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیے گے ہیں ۔ نصرت شہباز اپنے جوتوں کے تسمے تک بند نہیں کر سکتیں اوربغیر سہارے دو قدم نہیں چل سکتیں ،اس وقت نصرت شہباز گھر سے باہر بھی نہیں نکل سکتیں ۔
منی لانڈرنگ ریفرنس :شہباز شریف کی اہلیہ پر فرد جرم عائد
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔