Friday, April 19, 2024
ہومدلچسپاسمارٹ فون خریدنے کے لیے شوہرنے بیوی کو فروخت کردیا

اسمارٹ فون خریدنے کے لیے شوہرنے بیوی کو فروخت کردیا

بھارت میں ایک منچلے نوجوان کی انوکھی واردات نے پوری دنیا کو حیران کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک نوجوان نے اسمارٹ فون کے حصول کے لیے اپنی بیوی فروخت کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجھستان سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ نوجوان نے ایک ماہ قبل 26 سالہ خاتون کے ساتھ شادی کی تھی۔ شادی کے بعد وہ حال ہی میں بیوی کے ہمراہ دوسرے شہر گیا جہاں اس نے بیوی کو 55 سالہ شخص کے ہاتھ ایک لاکھ 80 ہزار روپے کے عوض فروخت کردیا۔اس رقم سے اس نے ایک اسمارٹ فون خرید کیا اور باقی رقم کھانے پینے اور دیگر عیاشی کی سرگرمیوں پر اڑا دی۔جب وہ دوسرے شہر سے اکیلا گھر واپس آیا تو خاندان کے لوگوں نے اسے بیوی کے بارے میں پوچھا۔ اس نے کہا کہ وہ کسی اور شخص کے ساتھ چلی گئی ہے اور میں نے اسے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے اس کی بات کا یقین نہیں کیا اور پولیس کو رپورٹ کردی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد اس سے تفتیش کی تو پتا چلا کہ وہ بیوی کو دوسرے شہر میں فروخت کرچکا ہے۔جب پولیس خاتون کو لینے جنوب مشرقی راجھستان کے علاقے پاران میں گئی تو مقامی لوگوں نے خاتون کو پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ انہوں نے اس کی قیمت ادا کی ہے۔ اگر پولیس اسے واپس لے جانا چاہتی ہے تو پہلے ان کی ادا کی گئی رقم دلوائی جائے۔ رقم کے لیے جب لڑکے سے پوچھا گیا تو اس نے کہا کہ میں نے ان پیسوں سے ایک اسمارٹ موبائل فون خریدا اور باقی پیسے بھی خرچ کردیے ہیں۔ یہ کیس اب عدالت میں ہے اور عدالت شوہر کی سزا کا فیصلہ کرے گی۔