لاہور:پاکستان کی معروف گلوکارہ قرۃ العین بلوچ دیوسائی نیشنل پارک میں ریچھ کے حملے کا شکار ہو گئیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ دیوسائی کے حسین مناظر میں اپنے ایک نئے گانے کی شوٹنگ کر رہی تھیں اور ٹیم کے ہمراہ کیمپنگ پر موجود تھیں۔
ذرائع کے مطابق اچانک ایک براؤن ریچھ کیمپ کے قریب آ نکلا اور گلوکارہ پر جھپٹ پڑا۔ ریچھ کے پنجوں کے وار سے قرۃ العین بلوچ کے دونوں بازو زخمی ہوگئے۔
ٹیم ممبران اور مقامی گائیڈز نے فوری طور پر انہیں ریچھ سے بچایا اور اسپتال منتقل کیا۔
گلوکارہ کو فوری طور پر ریجنل اسپتال اسکردو پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ معالجین کے مطابق ان کے بازو پر گہرے زخم آئے تاہم خوش قسمتی سے جان لیوا چوٹیں نہیں آئیں۔
علاج کے بعد ان کی حالت تسلی بخش قرار دی گئی اور کچھ گھنٹوں بعد انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔
دیوسائی نیشنل پارک کے حکام کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں جنگلی ریچھ کی موجودگی عام بات ہے، اس لیے کیمپنگ یا شوٹنگ کے دوران خصوصی حفاظتی انتظامات ناگزیر ہیں۔ حکام نے سیاحوں اور فلمی ٹیموں کو سختی سے مشورہ دیا ہے کہ جنگلی حیات سے فاصلہ رکھیں اور حفاظتی گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔