اسلام آباد: حالیہ بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر سپل ویز کھول دیئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق پانی کی سطح 1752 فٹ تک پہنچنے پر یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ ڈیم کے محفوظ انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔
راول ڈیم کے سپل ویز کھلنے کے بعد پانی کے اخراج کا عمل جاری ہے اور پانی کی سطح میں کمی آتے ہی سپل ویز کو دوبارہ بند کر دیا جائے گا۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر نیلور اور دیگر متعلقہ افسران موقع پر موجود رہے تاکہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ نے عوام سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں اور حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں۔