Friday, September 5, 2025
ہومدنیاچین کی جانب سے روس ، ایران اور شمالی کوریا کے ساتھ چین کے تعلقات کے حوالے سے یورپی یونین کی اعلیٰ اہلکار کی غلط بیانی کی مذمت

چین کی جانب سے روس ، ایران اور شمالی کوریا کے ساتھ چین کے تعلقات کے حوالے سے یورپی یونین کی اعلیٰ اہلکار کی غلط بیانی کی مذمت


بیجنگ :چین نے روس، ایران اور شمالی کوریا کے ساتھ چین کے تعلقات کے حوالے سے یورپی یونین کی اعلی نمائندہ برائے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی غلط بیانی کی مذمت کی ہے۔جمعرات کے روز چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیا کھون نے یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یورپی یونین کی متعلقہ اہلکار کے بیانات نظریاتی تعصب سے بھرپور، بنیادی تاریخی حقائق سے عاری اور کھلم کھلا تضاد اور تصادم کو ہوا دینے والے ہیں۔

چین اس کی سخت مخالفت اور مذمت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ فسطائیت مخالف عالمی جنگ کا اہم حصہ ہے۔80 سال قبل، چینی عوام نے انسانی تہذیب کی حفاظت اور عالمی امن کے دفاع کے لیے بہت بڑا کردار ادا کیا اور اس کے لیے بھاری قربانیاں دیں۔26 غیر ملکی سربراہان مملکت و حکومت ، درجنوں غیر ملکی اعلیٰ سطحی نمائندوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور یورپ کے 19 ممالک سمیت 100 سے زائد ممالک کے چین میں سفیروں نے اس یادگاری تقریب میں شرکت کی، جو بین الاقوامی برادری کی جانب سے چین کی جنگ مزاحمت کے تاریخی کردار اور عالمی اہمیت کے عمومی اعتراف کی عکاسی کرتا ہے۔

ترجمان نےامید کا اظہار کیا کہ یہ لوگ کنویں کے مینڈک کی طرح تعصب اور غرور و تکبر کو ترک کرتے ہوئے دوسری جنگ عظیم کی تاریخ اور چین کے بارے میں درست تفہیم قائم کریں گے ، فوری طور پر اپنے غلط بیانات کی اصلاح کرتے ہوئے چین۔یورپ تعلقات کے فروغ کے لیے مفید کام کریں گے ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔