Friday, September 5, 2025
ہومپاکستانچین کا انسداد دہشت گردی کی استعداد کار بڑھانے میں پاکستان کو مدد فراہم کرنے کا اعلان

چین کا انسداد دہشت گردی کی استعداد کار بڑھانے میں پاکستان کو مدد فراہم کرنے کا اعلان


بیجنگ : چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس اور جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کی یادگاری تقریبات میں شرکت کے لئے چین میں موجود پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

جمعرات کے روز لی چھیانگ نے کہا کہ چین ، پاکستان کے ساتھ تزویراتی باہمی اعتماد کو گہرا کرنے، یکجہتی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ” اپ گریڈڈ ورژن 2.0″ کی فعال طور پر تعمیر کرنے اور بندرگاہوں، شاہراہوں اور ریلوے جیسے بنیادی ڈھانچے کےبڑے منصوبوں کی احسن انداز میں تعمیر کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے تاکہ باہمی فائدے پر مبنی مشترکہ کامیابیاں حاصل کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان سے مزید اعلیٰ معیار کی مصنوعات درآمد کرنے اور انسداد دہشت گردی کی استعداد کار بڑھانے میں پاکستان کو مدد فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔ امید ہے کہ دونوں فریق پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتی جارہی ہے۔ پاکستان ایک چین کے اصول پر کاربند ہے اور تائیوان،شی زانگ، سنکیانگ اور ہانگ کانگ سمیت معاملات پر چین کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔پاکستان چین کی جانب سے پاکستان کے لیے طویل مدتی قابل قدر حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہے اور چین کے ساتھ ملکر چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ” اپ گریڈڈ ورژن 2.0″ کی تعمیر کو فروغ دینے اور پاکستان چین ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو مسلسل فروغ دینے کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ جاری رکھے گا اور پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔دورہ چین کے دوران فریقین نے چین پاک اقتصادی راہداری، معیشت اور تجارت، مصنوعی ذہانت، سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت، ثقافتی ورثے کے تحفظ، عدلیہ اور لوگوں کے ذریعہ معاش سے متعلق تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کیے اور مشترکہ طور پر نئے دور میں قریب تر چین پاک ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے (2025-2029) ایکشن پلان جاری کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔