Friday, September 5, 2025
ہومبریکنگ نیوزملک بھر میں ضلعی انتظامیہ کے قانونی اور انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کا فیصلہ

ملک بھر میں ضلعی انتظامیہ کے قانونی اور انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )ملک بھر میں ضلعی انتظامیہ کے قانونی اور انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے وزیراعظم نے سفارشات طلب کرلی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کے انتظامی اور قانونی ڈھانچے پر سفارشات کی تیاری کیلئے 18رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ سیکرٹریٹ کی جانب سے غیر معمولی گزٹ نوٹی فکیشن جاری ہوا ہے جس میں کمیٹی کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے سفارشات طلب کی گئی ہیں۔

جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو کمیٹی کا کنوینئر، وزیر اسٹیبلشمنٹ احد چیمہ کو کنوینئر مقرر کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم کے مشیر توقیر شاہ، اٹارنی جنرل، سیکرٹری کیبنٹ، سیکرٹری کامرس، سیکرٹری پاور ڈویژن اراکین میں شامل ہیں۔ نوٹی فکیشن کے مطابق چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز کے علاوہ نبیل اعوان، ناصر محمود کھوسہ، آغا واصف، پسند خان بلیدی، نسیم صادق کو بھی کمیٹی میں بطور رکن شامل کیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی پاکستان میں ضلعی انتظامیہ کے قانونی اور انتظامی ڈھانچے کا جائزہ لے گی، موجودہ قانوانین کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔ کمیٹی بہتر طرز حکمرانی اور خدمات کی فراہمی کے لیے اقدامات تجویز کرے گی اور ضلعی انتظامیہ کی قانونی، ریگولیٹری، انتظامی اور آپریشنل افادیت کو بڑھانے کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی 2001 کی منتقلی سے پہلے اور بعد میں عوامی امن کو برقرار رکھنے اور شکایات کے ازالے میں ضلعی انتظامیہ کے کردار جائزہ لینے کیساتھ ساتھ ڈیولوشن سے پہلے اور بعد، امن عامہ، قانون کے نفاذ، مقامی اور خصوصی قوانین کے نفاذ کا موازنہ کرے گی، کمیٹی انتظامی پس منظر میں دوسرے ممالک کے انتظامی ماڈلز پر تفصیلی غور کرے گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی حکومت کے پالیسی مقاصد کے حصول کے لیے مقامی سطح پر عوامی اداروں کے ساتھ ہم آہنگی، مقامی اور خصوصی قوانین کے نفاذ پر سفارشات مرتب کرنے اور ضابطہ فوج داری سمیت موجودہ قوانین میں ترامیم کی تجویز پیش کرنے کی مجاز ہو گی۔کمیٹی، امن و عامہ کی بحالی، مقامی اور خصوصی قوانین کے نفاذ میں ضلعی انتظامیہ کے بہتر کردار کیلئے نئی قانون سازی پر اپنی تجاویز دیے گی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق کابینہ ڈویژن کمیٹی کو سیکریٹریل سپورٹ فراہم کرے گا جبکہ کمیٹی ضرورت کے مطابق کسی بھی رکن کو شریک کر سکے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔