Friday, September 5, 2025
ہومبریکنگ نیوزجھاڑ کھنڈ میں بھارتی فوجی کی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ؛ 2 اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی

جھاڑ کھنڈ میں بھارتی فوجی کی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ؛ 2 اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی

نئی دہلی (سب نیوز )بھارتی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں ملٹری آپریشن کے لیے جانے والی بھارتی فوج کی ٹیم پر مسلح افراد نے گھات لگا کر حملہ کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست جھاڑ کھنڈ میں مسلح افراد کے حملے میں دو فوجی اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب فوجی قافلہ معمول کے گشت پر تھا اور گھات لگائے مسلح افراد نے ان پر دھاوا بول دیا۔

حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو بھارتی فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہے۔زخمی اہلکار کو قریبی فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ مقامی پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس حملے کے پیچھے باغی گروہ ملوث ہو سکتے ہیں تاہم باضابطہ طور پر کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

جھارکھنڈ بھارت کی ان ریاستوں میں شامل ہے جہاں طویل عرصے سے نکسل باغیوں اور عسکریت پسند گروہوں کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ماو نواز گروہ جھاڑ کھنڈ میں اکثر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے رہتے ہیں اور کئی بار سرکاری تنصیبات پر بھی حملے کر چکے ہیں۔

گزشتہ برسوں میں ایسے متعدد حملوں میں کئی بھارتی فوجی اور نیم فوجی اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ریاستی حکومت نے فوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت دی ہے۔انسانی حقوق کے کارکنان اور اپوزیشن جماعتوں نے مودی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں اور سیکیورٹی اہلکار کے مزید جانی نقصان سے بچ سکیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔