Tuesday, September 2, 2025
ہومپاکستانبھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، چناب سے بڑا سیلابی ریلا جنوبی پنجاب کی طرف بڑھنے لگا

بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، چناب سے بڑا سیلابی ریلا جنوبی پنجاب کی طرف بڑھنے لگا

لاہور:(آئی پی ایس)
پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے جبکہ بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا ہے جس کے باعث ہریکے اور فیروز پور پر اونچے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے۔

بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان سے رابطہ کرتے ہوئے وزارت آبی وسائل کو آگاہ کیا، بھارت نے سیلابی ریلے سے آج صبح 8 بجے آگاہ کیا۔

گزشتہ روز بھی بھارت نے دریائے ستلج میں پانی کا بڑا ریلا چھوڑا تھا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے ستلج سے ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی۔ ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک اور سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 24 ہزار کیوسک ہے۔

دریائے چناب میں بڑا سیلابی ریلا جنوبی پنجاب کی طرف بڑھ رہا ہے۔

مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 96 ہزار کیوسک اور خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 20 ہزار کیوسک ہے۔ قادر آباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک ہے۔

ہیڈ تریموں کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 16 ہزار کیوسک ہے اور مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

دریائے راوی جسر کے مقام پر پانی کا بہاؤ 54 ہزار کیوسک اور شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 60 ہزار کیوسک ہے۔

بلوکی ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 37 ہزار کیوسک اور ہیڈ سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 7 ہزار کیوسک ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا ہے کہ 5 ستمبر تک پنجاب کے دریاؤں راوی، ستلج اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔

ریلیف کمشنر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمے الرٹ ہیں، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کئ لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔