Wednesday, September 3, 2025
ہومتازہ ترینکشیدگی کے بعد تعلقات بحال، بھارت اور کینیڈا کا نئے ہائی کمشنرز کی تقرری کا اعلان

کشیدگی کے بعد تعلقات بحال، بھارت اور کینیڈا کا نئے ہائی کمشنرز کی تقرری کا اعلان

نئی دہلی (سب نیوز)بھارت اور کینیڈا کے درمیان تعلقات میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے، دونوں ممالک نے اپنے نئے ہائی کمشنرز کی تقرری کا اعلان کیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق کینیڈا اور بھارت کے درمیان تعلقات اس وقت کشیدہ ہو گئے تھے، جب سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی سرزمین پر سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا الزام بھارت پر عائد کر دیا تھا۔کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اعلان کیا کہ کرسٹوفر کوٹر بھارت میں کینیڈا کے نئے ہائی کمشنر ہوں گے۔دوسری جانب بھارت کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت جلد ہی اسپین میں موجود اپنے موجودہ سفیر دینیش پٹنائک کو اوٹاوا میں ہائی کمشنر کے طور پر تعینات کرے گا۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات گزشتہ سال جون 2023 میں پیش آنے والے واقعے کے بعد شدید کشیدہ ہو گئے تھے۔کینیڈین پولیس نے الزام عائد کیا تھا کہ نئی دہلی حکومت کا وینکوور کے قریب ایک کینیڈین سکھ کارکن کے قتل میں ہاتھ ہے۔ پولیس نے مزید شواہد بھی حاصل کیے تھے جن سے ظاہر ہوتا تھا کہ بھارتی ایجنٹس کینیڈین شہریوں کے خلاف منظم کارروائیاں کر رہے تھے۔
بھارت اور کینیڈا میں تعلقات میں بہتری جون 2025 میں دیکھنے میں آئی، جب کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو البرٹا میں ہونے والے جی-7 اجلاس میں شرکت کی دعوت دی، جس کے بعد دونوں ممالک نے اپنے سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی پر اتفاق کیا۔
مقتول سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو برٹش کولمبیا کے شہر سوری میں واقع ایک سکھ گردوارے کے باہر ان کی گاڑی میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ وہ بھارت میں پیدا ہونے والے کینیڈین شہری تھے، جن کا ایک پلمبنگ کا کاروبار بھی تھا۔ وہ آزاد سکھ ریاست خالصتان کے قیام کی تحریک سے وابستہ تھے، جو ماضی میں کافی سرگرم رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔