اسلام آباد:کوہستان میں 40 ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، نیب خیبر پختونخوا نے مزید 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
نیب کی جانب سے کوہستان میں 40 ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اسکینڈل میں نیب خیبر پختونخوا نے مزید 5 ملزمان کو بقاعدہ گرفتار کیا ہے، گرفتار ملزمان میں دو سابق بینک منیجرز اور اکاوئنٹنٹ جنرل (اے جی) آفس کے سینئر آڈیٹر شامل ہیں۔
کوہستان اسکینڈل میں اب تک مجموعی طور پر 15 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں ، 15ملزمان میں سے 10 جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، جب کہ 5 ملزمان نیب کے پاس جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔
دیگر ملزمان میں کوہستان کی مختلف اسکیموں کے ٹھیکیدار شامل ہیں، کوہستان اسکینڈل میں سرکاری بینک اکاونٹ سے 40 ارب روپے ملی بھگت سے نکالے گئے تھے، جس کے بعد نیب نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
یاد رہے کہ 26 جون کو خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں 40 ارب روپے مالیت کے میگا کرپشن اسکینڈل میں نیب خیبرپختونخوا نے تحقیقات میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 5 ارب روپے کے مشکوک بینک اکانٹس منجمد کر دیے تھے، کئی جائیدادیں اور قیمتی گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئی تھیں۔
کوہستان اسکینڈل کے ملزمان کے گھروں سے غیر ملکی کرنسی، 3 کلو سونا بھی برآمد کرلیا گیا تھا۔
نیب نے کروڑوں روپے مالیت کی 77 قیمتی لگژری گاڑیاں تحویل میں لیں تھیں، نیب کی ریکوری رپورٹ کی کاپی ڈان نیوز کو موصول ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور پشاور میں اربوں روپے مالیت کی 109 کمرشل پراپرٹیز سیل کی گئی تھیں۔
نیب نے ملزمان کے 4 فارم ہاؤسز، 12 کمرشل پلازے اور 2 کمرشل پلاٹس سیل کر دیے تھے، 30 گھر، 12 دکانیں، 25 فلیٹس، 175 کنال زرعی زمین اور دیگر اہم جائیدادیں بھی سیل کی گئی تھیں۔