Tuesday, September 2, 2025
ہومدنیاامریکا نے غزہ کے شہریوں کے لیے وزیٹر ویزا عارضی طور پر معطل کر دیا

امریکا نے غزہ کے شہریوں کے لیے وزیٹر ویزا عارضی طور پر معطل کر دیا

امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کو وزیٹر ویزے جاری کرنے کا عمل عارضی طور پر روک رہا ہے۔ یہ فیصلہ محکمہ کی جانب سے ویزا پالیسی کے ’مکمل اور جامع جائزے‘ کے آغاز کے ساتھ کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں کچھ افراد کو طبی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عارضی ویزے ضرور جاری کیے گئے، تاہم اس کی درست تعداد فراہم نہیں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ پر موجود اعداد و شمار کے مطابق، 2025 کے دوران فلسطینی اتھارٹی کے سفری دستاویزات رکھنے والے افراد کو اب تک 3,800 سے زائد B1/B2 وزیٹر ویزے جاری کیے گئے ہیں، جن میں سے صرف مئی میں 640 ویزے دیے گئے۔ یہ دستاویزات ویسٹ بینک اور غزہ دونوں کے رہائشیوں کو جاری کی جاتی ہیں، تاہم ویب سائٹ پر دونوں علاقوں کا علیحدہ ذکر موجود نہیں ہے

کونسل آن امریکن۔اسلامک ریلیشنز (CAIR) نے ویزوں کی معطلی کو ’غیرانسانی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب غزہ کے شہری بدترین انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔

فلسطین چلڈرنز ریلیف فنڈ (PCRF) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام ان کے لیے ایک ’تباہ کن رکاوٹ‘ ہے، کیونکہ وہ گزشتہ تین دہائیوں سے زخمی اور شدید بیمار بچوں کو امریکہ لا کر ان کا علاج کراتے رہے ہیں۔

ابھی تک امریکی حکومت نے فلسطینی مہاجرین کو باقاعدہ پناہ دینے کے کسی منصوبے کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم رائٹرز کے ذرائع کے مطابق، اسرائیل اور جنوبی سوڈان کے درمیان ایک ممکنہ معاہدے پر بات چیت جاری ہے جس کے تحت کچھ فلسطینیوں کو جنوبی سوڈان میں عارضی طور پر آباد کیا جا سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔