لاہور:منجھی ہوئی دلکش اداکارہ فضیلہ قاضی کو ان کی فنکارانہ خدمات پر حکومتِ پاکستان نے ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا ہے جو وہ 23 مارچ 2026 کو وصول کریں گی۔
اس موقع پر ان کے شوہر اور معروف اداکار قیصر نظامانی اپنی اہلیہ پر فخر کا اظہار کیے بغیر نہ رہ سکے اور سوشل میڈیا پر ایک جذباتی نوٹ لکھ ڈالا۔
قیصر نظامانی نے اپنی اہلیہ کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ آج آپ کو آپ کا ھق مل گیا۔ آپ صرف میری بیوی نہیں، بلکہ ایک سپراسٹار ہیں۔
قیصر نظامانی نے کہا کہ یہ اعزاز قوم کے لیے باعث فخر سہی لیکن میرے لیے یہ ایک جدوجہد کی کہانی ہے۔
ادکار نے مزید لکھا کہ میں فضیلہ کے کیریئر کے دوران انتھک محنت اور اپنے کام سے والہانہ لگاؤ کا عینی شاہد ہوں۔
انھوں نے مزید لکھا کہ یہی وجہ ہے کہ میں اس ایوارڈ کی اہمیت سب سے زیادہ جانتا ہوں اور اپنی بیوی فضیلہ قاضی کو بہت بہت مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
قبل ازیں فضیلہ قاضی نے بھی انسٹاگرام پر اپنی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہمیشہ شوبز میں معیاری کام کرنے کی کوشش کرتی رہیں گی۔انھوں نے دعاؤں اور محبت پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
فضیلہ قاضی طویل عرصے سے شوبز کا حصہ ہیں۔ انھوں نے اردو ڈراموں کے ساتھ ساتھ سندھی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔