اسلام آباد:جاپان کی حکومت نے پاکستان میں سیلاب سے جانی نقصان پرتعزیت کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کو پاکستان میں جاپان کے سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق16 اگست کو پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیلاب سے ہونے والے نقصان پرجاپان کے وزیرِاعظم اشیبا شیگیرو نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم اشیبا نے کہا کہ مجھے یہ جان کر انتہائی افسوس ہوا کہ پاکستان کے شمالی حصے میں آنے والے سیلاب کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔
انہوں نے جاپان کی حکومت کی جانب سے جاں بحق افراد کی مغفرت کے لیے دعاکی اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی پرخلوص نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔