Monday, September 1, 2025
ہومتازہ ترینپی ڈی ایم اے نے پختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے نقصان کے اعداد و شمار جاری کردیے

پی ڈی ایم اے نے پختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے نقصان کے اعداد و شمار جاری کردیے

پشاور(آئی پی ایس) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری کر دیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بارش اور سیلاب کے باعث حادثات میں اب تک 307 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مختلف حادثات میں 23 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں میں 17 مرد، 4 خواتین اور دو بچے شامل ہے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 74 گھروں کو نقصان پہنچا، 63 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 11 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔
پروونشل اتھارٹی کے مطابق متاثرہ اضلاع کیلئے مجموعی طور پر50 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں، جس میں سے بونیر کیلئے 15 کروڑ روپے جاری کیےگئے جبکہ باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کے لیے 10، 10 کروڑ روپے اور اور سوات کے لیے 5 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔
سب سے زیادہ اموات بونیر میں ہوئیں، بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ صوبے کے 11 اضلاع کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے متاثر ہوئے، سیلاب سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار817 ہے۔
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں 32 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے، 545 ریسکیو اہلکار اور90 گاڑیاں اور کشتیاں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ بونیر میں 159 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 100 افراد کو زندہ بچالیا گیا، باجوڑ میں 20 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص لاپتا ہے، بٹگرام میں 11 افراد کی لاشیں ملی ہیں جبکہ 10 افراد لاپتا ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔