Friday, September 5, 2025
ہومپاکستانڈریپ ، کوالٹی کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کا بڑا ایکشن ، جعلی کمپنیوں کی ادویات بھی جعلی نکلیں ، کمپنیوں کے نام اور ادویات کی تفصیلات و دستاویز سب نیوز پر

ڈریپ ، کوالٹی کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کا بڑا ایکشن ، جعلی کمپنیوں کی ادویات بھی جعلی نکلیں ، کمپنیوں کے نام اور ادویات کی تفصیلات و دستاویز سب نیوز پر

اسلام آباد (سب نیوز)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) ،کوالٹی کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کا بڑا ایکشن ، جعلی کمپنیوں کی ادویات بھی جعلی نکلیں ،ڈریپ نے جعلی کمپنیوں اور جعلی ادویات سے متعلق مراسلہ جاری کر دیا، متعلقہ کمپنیوں کیخلاف فوری کارروائی کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔

ڈریپ کے مراسلے کے مطابق جعلی کمپنیوں میں فیگا فارماسیوٹیکل کراچی، ایڈکوک فارماسیوٹیکلز لاہور ، الپائن لیبارٹریز کراچی اور ہیمیکس فارماسیوٹیکل کراچی شامل ہیں ۔علاوہ ازیں جن ادویات کو جعلی قرار دیا گیا ہے ان میں فیگا فارما سیوٹیکل کی مسرون ٹیبلٹ، ایڈکوک فارماسیوٹیکلز کی کیٹفول او ڈی ٹیبلٹ ، الپائن لیبارٹریز کی ڈیپاسرون ٹیبلٹ اور ہیمیکس فارماسیوٹیکل کی ڈروفا ٹیبلٹ شامل ہیں۔ ڈریپ کے مطابق ڈرگ ، واٹر اینڈ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری گلگت بلتستان نے ان ادویات کے نمونوں کی جانچ کی جنہیں ٹیسٹ کے بعد جعلی اور مضر صحت قرار دیا گیا

لیبارٹری کی جانب سے آگاہ کئے جانے پر جب ڈریپ کی ٹاسک فورس نے مزید تحقیقات کیں تو انکشاف ہوا کہ متعلقہ کمپنیاں بھی جعلی ہیں ، ان کمپنیوں نے نہ تو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے کوئی لائسنس حاصل کیا ہے اور نہ ہی کوئی میڈیسن رجسٹرڈ کروائی ہے ۔معاملہ سامنے آنے کے بعد اتھارٹی نے متعلقہ ادویات کو جعلی اور مضر صحت قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں، ہسپتالوں اور فارمیسیز کو ہدایت کی ہے کہ ان کی نشاندہی کرکے فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ممکنہ صحت کے خطرات سے بچایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔