کراچی: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر نے کہا کہ پاکستان میں مون سون ابھی ختم نہیں ہوا، مون سون کا سیزن ابھی مزید رنگ دکھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 14 اگست تک صرف ایک دو مقامات پر بارش ہوسکتی ہے، کل بھی اسلام آباد میں بارش ہوئی اور آج بھی سیالکوٹ اور اس کے گردو نواح میں بارش کا امکان ہے تاہم 14 اگست سے لے کر 23 اگست تک یہ 10 دن پاکستان کیلئے اہم ہیں۔
مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل 13 اگست سے شروع ہوگا، پنجاب کیلئے فلڈ ایڈوائزری جاری
انجم نذیر کے مطابق 14 اگست سے شمال مشرقی پنجاب کے علاقے سیالکوٹ، قصور، نارووال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا، موسلادھار بارش کی وجہ سے مشرقی دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگی اور اربن فلڈنگ کے خطرات بھی موجود رہیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد بارشوں کا یہ سلسلہ پاکستان کے جنوبی علاقوں کی جانب شروع ہوگا، 17 اگست سے 23 اگست تک سندھ کے اکثر علاقوں میں درمیانی سے موسلادھار اور چند علاقوں میں شدید موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھی بارش کے امکانات بن رہے ہیں اور 17 اگست سے 23 اگست تک کراچی میں بھی وقفے وقفے سے تیز بارش ہوسکتی ہے تاہم اس سے پہلے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کراچی کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، 17 تاریخ کی شام یا رات سے بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔