پشاور (سب نیوز)خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ شوگر مافیا کا تعلق حکمران طبقے سے ہے، اسی لیے انہیں کوئی روکنے والا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں شوگر مافیا اب تک بے لگام ہے،وفاقی حکومت شوگر مافیا پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، جعلی وفاقی حکومت نے عوام کو شوگر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ شریف خاندان نے شوگر مافیا کے ذریعے عوام کی جیبوں سے اربوں روپے لوٹے ہیں، شوگر مافیا کو شریف خاندان کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے
ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی اپنی شوگر ملیں ہیں جنہیں براہ راست اربوں روپے کا فائدہ پہنچ رہا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہاکہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کے اثاثوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جعلی حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اذیت میں مبتلا کر رہے ہیں۔