اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا- اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، آئی جی اسلام آباد، سید علی ناصر رضوی ؛ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی بلڈنگ کنٹرول اینڈ ہاسنگ، ڈائریکٹر آئی سی ٹی کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر چیرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی سربراہی میں اسلام آباد بھر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے۔
اس مہم کا مقصد سرکاری اراضی کو قابضین سے واگزار کرانا، عوامی راستوں، آبی گذرگاہوں اور گرین ایریاز کی بحالی اور شہریوں کو محفوظ اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے کے انسداد تجاوزات شعبے نے حالیہ دنوں میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں قانون کے مطابق کارروائیوں میں درجنوں غیر قانونی دکانیں، تعمیرات اور دیگر تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ہے جبکہ مزید کے خلاف قانون کے مطابق کاروائیاں جاری رہیں گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد ایک خوبصورت اور منظم منصوبہ بندی کے تحت تعمیر کیا گیا ہے اسے ہرطرح کی غیر قانونی و تجاویزات سے پاک رکھنے کے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں
چیئرمین سی ڈی اے نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے اور اس سلسلے میں عوامی شکایات پر فوری عمل کیا جائے۔ مزید برآں واگزار کرائی گئی زمین پر دوبارہ تجاوزات روکنے کے لیے مستقل نگرانی کا نظام بھی قائم کیا جا رہا ہے۔شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ نالوں کے اوپر کسی بھی قسم کی تجاوزات کی اطلاع فوری طور پر سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول اینڈ ہاوسنگ ڈیپارٹمنٹ اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو دیں تاکہ ان غیر قانونی عمارات کو قانون کے مطابق سیل کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔