Friday, September 5, 2025
ہومپاکستانپہلے ٹی 20میچ میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شرمناک شکست

پہلے ٹی 20میچ میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شرمناک شکست

ڈھاکہ (آئی پی ایس )پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلا گیا، بنگلا دیش کے خلاف پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی اور پاکستانی بلے باز بنگلہ دیشی ٹائیگرز کا شکار بن کر 110 رنز بنا کر آل آوٹ ہو گئے جبکہ بنگلا دیش نے 111 رنز کا آسان ہدف 16ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جو پاکستانی بلے بازوں کے لیے امتحان بن گئی، اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی قومی بیٹرز بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوتے رہے۔پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو دوسرے اوور میں 18 کے اسکور پر صائم ایوب 6 رنز بنا کر تسکین احمد کی وکٹ بنے، جس کے بعد بیٹرز کی لائن لگ گئی اور ایک موقع پر صرف 46 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔
محمد حارث 4، کپتان سلمان علی آغا 3، حسن نواز صفر اور حسن نواز 3 رنز بنا کرآوٹ ہوئے جبکہ فخر زمان اور خوشدل شاہ نے حریف ٹیم کے بولرز کا جم کر سامنا کیا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں ٹیم کا اسکور 70 رنز تک پہنچایا مگر فخر 44 رنز کی اننگز کھیل کر رن آوٹ ہوگئے۔ساتویں نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے خوشدل شاہ نے 17 رنز بناکر مجموعے کو آگے بڑھانے میں مدد فراہم کی، جب کہ عباس آفریدی 22 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ڈیبیو کرنے والے سلمان مرزا کھاتہ بھی کھول نہ سکے۔
اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم ناقص بیٹنگ کی بدولت آخری اوور کی تیسری گیند پر 110 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، کھلاڑیوں نے 66 ڈاٹ بالز کھیلیں اور یوں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 111 رنز کا ہدف دیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، مستفیظ الرحمان نے 2 ، مہدی حسن اور تنظیم حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
میزبان بنگلادیش نے 111 رنز کا ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر 16 ویں اوور میں پورا کرلیا۔بنگلادیش کی جانب سے پرویز حسین 56 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، ان کے علاوہ توحید ہردوئے نے 36 اور ذاکر علی نے 15 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ڈیبیو کرنے والے سلمان مرزا 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جب کہ عباس آفریدی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔