کوئٹہ (سب نیوز)بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق واقعے کا مقام معلوم کر لیا گیا ہے اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ عیدالاضحی کے دنوں میں پیش آیا، تاہم متاثرہ خاندانوں کی جانب سے واقعے کی کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی۔شاہد رند نے کہا کہ حکومت ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر رہی ہے اور ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور نادرا کے ذریعے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے جبکہ 24 گھنٹوں کے اندر ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ قتل یا غیرقانونی جرگے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی دباو کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔شاہد رند نے یہ بھی بتایا کہ لاشوں کی بازیابی کا عمل تاحال باقی ہے جبکہ ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے اور قانون کی مکمل عملداری کو یقینی بنایا جائے گا۔
بلوچستان حکومت کا سوشل میڈیا پر وائرل قتل کی ویڈیو کا نوٹس ، ایک ملزم گرفتار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔