Tuesday, July 8, 2025
ہومپاکستانجی بی کے ٹھیکیدار برادری کیلئے یکساں پالیسی اور ٹینڈر کے عمل کو شفاف اور آسان بنائیں گے،خالد خورشید

جی بی کے ٹھیکیدار برادری کیلئے یکساں پالیسی اور ٹینڈر کے عمل کو شفاف اور آسان بنائیں گے،خالد خورشید

گلگت (آئی پی ایس)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ گلگت بلتستان کے تمام ٹھیکیدار برادری کیلئے یکساں پالیسی اور ٹینڈر کے عمل کو شفاف اور آسان بنائیں گے.
اس حوالے سے منصوبوں کی آن لائن ٹینڈر متعارف کرانے کیلئے ہدایات دیئے گئے ہیں، منصوبوں کے ٹینڈر کے نظام کو آن لائن کرنے سے پالیسی کو یکساں اور ٹینڈر کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنایا جاسکے گا، ٹھیکیدار برادری کا دیرینہ مسئلہ شیڈول ریٹس کو ریوائز کیا گیا ہے، جون کے بعد ٹھیکیدار برادری کے نومنتخب کابینہ کیساتھ ریٹس کے حوالے سے مزید بات کی جائے گی، ترقیاتی عمل کو تیز اور بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت نے جیپراکا قیام عمل میں لایا ہے، سابقہ حکومتوں کے6 ارب کے بقایاجات کی ادائیگی کو موجودہ صوبائی حکومت نے ادا کئے ہیں، محکمہ تعمیرات کو یکساں ٹی او آرز بنانے کیلئے ہدایات دیئے جائیں گے.

اچھا کام کرنے والے اور منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کرنے والے ٹھیکیداروں کے مابین بھی تفریق لازمی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ ہماری روایات دیگر علاقوں سے مختلف ہے اسی لئے ہم سب کو مل کر گلگت بلتستان کیلئے کام کرنا چاہئے، وفاق میں تحریک انصاف کے حکومت کی تبدیلی کے بعد ریلیز میں تاخیر ہورہی ہے، جس سے ترقیاتی عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان واحد لیڈر ہیں جو گلگت بلتستان کا درد رکھتے ہیں، انہوں نے بحیثیت وزیر اعظم اس بات کا عملی ثبوت بھی دیا گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہاکہ تنقید برائے تنقید کی پالیسی علاقے کی خدمت نہیں، گلگت بلتستان کے اصل مسائل پر بات کرناچاہئے.

یورپ میں اگر کوئی کرپشن میں ملوث ہو تو وہاں دوبارہ سیاست میں آنے کا سوچ بھی نہیں سکتا کیوں کہ وہاں کے عوام بیدار ہیں، ہمیں بھی قوم بننا ہے، ہجوم کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، ہمیں فخر ہے کہ جس لیڈر کے ساتھ ہم کھڑے ہیں وہ کرپٹ نہیں ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پاکستان کیلئے لازم و ملزوم ہے، ملک حقیقی معنوں میں اس وقت مشکل حالات سے گزر رہاہے، ملک کے درست سمت کے تعین کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر سب کو باہر نکلنا ہوگا، میں گلگت بلتستان کے تمام عوام کو جو پاکستان کا مثبت مستقبل دیکھنا چاہتے ہیں لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، ہم اس ملک اور اس قوم کی بہتری کیلئے جارہے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ملک اور قوم کیلئے جنگ لڑرہاہے، اس تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے سب پاکستانیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہاکہ گلگت بلتستان ریونیو اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں میں ریونیو اتھارٹیز قائم ہیں.

صوبے کے وسائل میں اضافے کے بغیر مسائل کا حل اور ترقی ممکن نہیں، مستحق لوگوں کی مدد اور علاقے کی ترقی کیلئے صاحب استعاعت لوگوں کو اپنا کردار اد اکرنا ہوگا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے نومنتخب کابینہ کو مبارک باد دیتے ہوئے ٹھیکیدار برادری کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔