پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے دوبارہ لانگ مارچ کا شیڈول تیسری مرتبہ تبدیل کر دیا۔
خیال رہے کہ ہفتہ کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وزیر آباد سے دوبارہ لانگ مارچ کا آغاز ہو گا اور یہ لانگ مارچ منگل والے دن شروع ہو گا جس کی قیادت سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔ تاہم پیر کو سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا تھا کہ لانگ مارچ کی تاریخ دوبارہ تبدیل کر دی گئی اب یہ لانگ مارچ منگل کے بجائے بدھ کو شروع ہو گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر ہمارے لیڈر کی شکایت پر درج کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ منگل، یا بدھ کے بجائے اب جمعرات کو ہو گا، یہ قافلہ وزیر آباد سے دو بجے شروع ہو گا۔ عمران خان نے ہمیں زماں پارک بلایا، مشاورت کیلئے چیف جسٹس نے اس معاملے میں مداخلت کی اور 24 گھنٹے میں مقدمہ درج کرنے کا کہا ہے۔ عمران خان کا موقف واضح ہے۔ ہم نے اس پر مشاورت کی ہے ہماری فوری توجہ ایف آئی آر ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے میری درخواست تھانے میں موجود ہے اور جو پبلک ہو چکی ہے۔ اسی درخواست کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہئیے۔