Tuesday, September 17, 2024
ہومپاکستاناوپن یونیورسٹی کا ہائر ایجوکیشن ڈگریوں کا نظام تبدیل کرنے کا فیصلہ

اوپن یونیورسٹی کا ہائر ایجوکیشن ڈگریوں کا نظام تبدیل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ماسٹرز، بی ایس اور بی ایڈ سمیت ہائر ایجوکیشن کی ڈگریوں کیلئے نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا،آئندہ سمسٹر سے ورکشاپ آن لائن ہوگی ، ہاتھ سے لکھی اسائنمنٹ قبول نہیں ہوگی، یونیورسٹی ویب سائٹ پر کتابیں آن لائن فراہم کی جائیں گی ۔

تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کی ڈگریوں میں معیار تعلیم مزید بہتر بنانے کیلئے سابق نظام تبدیل کرتے ہوئے آن لائن پر شفٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ماسٹرز، بی ایس اور بی ایڈ سمیت ہائرایجوکیشن کے کورسز میں آن لائن اسائنمنٹ لازم قرار دے دی گئیں۔ اگلے سمسٹر سے ورکشاپ بھی آن لائن ہوں گی۔ چار سالہ بی ایس، بی ایڈ، ماسٹرز ڈگری کیلئے ہاتھ سے لکھی اسائنمنٹ قبول نہیں ہوگی جبکہ صرف کمپیوٹر پر ٹائپ کی گئی اسائنمنٹ قبول کی جائیگی تاکہ طلبا ایک ہی اسائنمنٹ کاپی نہ کرسکیں اور چوری شدہ مواد لکھنے پر آسانی سے نشاندہی ہوسکے ۔کتابیں نہ ملنے کی شکایات پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے گھر پر پرنٹ شدہ کتابیں بھجوانے کے بجائے یونیورسٹی ویب سائٹ پر تمام کتابیں آن لائن فراہم کرنے کا پلان بنالیا تاکہ ایڈمیشن کنفرم ہوتے ہی طلبا اپنی کتابیں یونیورسٹی کے آن لائن پورٹل سے حاصل کرکے اپنی پڑھائی شروع کرسکیں اور گھر کتابیں ملنے کے انتظار میں وقت ضائع نہ کریں۔ علاوہ ازیں میٹرک اور انٹر کلاسز کو پرانے طریقہ کار کے مطابق ہی چلایا جائے گا جبکہ ہائر ایجوکیشن میں کامیابی کے بعد میٹرک اور انٹر کو بھی مکمل طور پر آن لائن سسٹم میں منتقل کردیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔