وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے )کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول کو گزشتہ ماہ جنوری 2022 میں 30 ملین روپے سے زائد کا ریونیو موصول ہوا۔
تفصیلات کے مطابق شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے ماہ جنوری میں اسلام آباد کی 32 رہائشی عمارتوں کو مکمل ہونے اور انکی جانچ پڑتال کے بعد تکمیلی سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے جسکی مد میں 3 ملین روپے سے زائد کا ریونیو وصول کیا گیا، اسی طرح 1 کمرشل عمارت کی جانچ پڑتال کے بعد تقریبا 1 ملین روپے میں تکمیلی سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔ جبکہ 8 کمرشل عمارتوں کے نقشہ جات کی منظوری کی مد میں تقریبا 18 کروڑ روپے سے زائد کی رقم وصول کی گئی۔
اسی طرح 25 رہائشی عمارتوں کے نقشہ جات کی منظوری کی مد میں 8 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بھی وصول کی گئی۔ جبکہ 68 کمرشل عمارتوں کو این او سی جاری کرنے کی مد میں 1 ملین روپے سے زائد کا ریونیو موصول ہوا۔ اسی طرح 127 رہائشی عمارتوں کو 2 ملین روپے سے زائد میں این او سی جاری کئے گئے جبکہ بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر بلڈنگ مالکان کو 10 لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔اس طرح مجموعی طور پر کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول کو گزشتہ ماہ جنوری 2022 میں 30.541 ملین روپے موصول ہوئے۔