اسلام آباد ۔۔۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے لیے 16 فروری سے اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی 100 فیصد گنجائش کی اجازت دے دی۔ این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں ہوا، جس میں وبا سے متعلق اعداد و شمار، قومی ویکسی نیشن مہم کی پیش رفت، صحت سے متعلق احتیاطی اقدامات اور پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس نے پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کے لیے 15 فروری تک مکمل ویکسینیٹڈ تماشائیوں کی اسٹیڈیم میں 50 فیصد گنجائش کی اجازت دے دی۔اس کے بعد 16 فروری سے مکمل ویکسینیٹیڈ افراد کو 100 فیصد گنجائش کے ساتھ اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی جس میں 12 سال سے کم عمر بچے بھی اسٹیڈیم آسکیں گے۔ یہاں یہ بات مدِنظر رہے کہ ’اومی کرون‘ ویرینٹ کے پھیلاؤ کے سبب ملک میں کورونا کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ این سی او سی نے اس کے پیشِ نظر پی ایس ایل کے کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے مرحلے کے دوران تماشائیوں کی صرف 25 فیصد گنجائش کی اجازت دی تھی جبکہ 12 سال سے کم عمر بچوں کے اسٹیڈیم میں داخل ہونے پر پابندی تھی۔
پی ایس ایل کا دوسرا مرحلہ، 16 فروری سے تماشائیوں کی 100 فیصد گنجائش کی اجازت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔