Monday, July 7, 2025
ہوماسلام آبادکسی کوناجائز اسلحہ لے کر چلنے کی اجازت نہیں دیں گے،ڈی آئی جی آپریشنز

کسی کوناجائز اسلحہ لے کر چلنے کی اجازت نہیں دیں گے،ڈی آئی جی آپریشنز

اسلام آباد،ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے لائسنس یافتہ اسلحے کے کرائم میں استعمال ہونے پر کارروائی کے ساتھ ساتھ لائسنس کینسل کروانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو شہر میں ناجائز اسلحہ لے کر چلنے کی اجازت نہیں دیں گے ، رواں سال کے 9ماہ میں 30سے زائد کرائم کی وارداتوں میں لائسنس والا اسلحہ استعمال ہوا، متعلقہ لائسنس اتھارٹیز کو خط لکھ رہے ہیں کہ یہ انکا لائسنس منسوخ کیا جائے ، اسلام میںگاڑیوں اور گھروں میں چوری کی وارداتوں میں کمی آئی ہے ،تھانہ آئی نائن اور بنی گالا میں قتل کی وارداتوں کی تحقیقات جاری ہیں ، ملزمان کی گرفتاری کی ابھی تصدیق نہیں کی جا سکتی ۔وہ بدھ کو ریسیکو ون فائیو میں ایس ایس پی آپریشنز سید مصطفی تنویر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی وارداتوں کے تناظر میں شہر میں ناجائز اسلحے کیخلاف کمپئین شروع کی گئی ہے ، گزشتہ روز بھی آپریشنز کے تحت بھرپور کارروائیاں کی گئیں ، کسی کو ناجائز اسلحہ لے کر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، شہر کو اسلحے سے پاک کرنا ضروری ہو گیا ہے ، اسلام آباد میں جو خوف کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، اس کا سدباب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز اسلحے کے ساتھ ساتھ لائسنس یافتہ اسلحہ بھی وارداتوں میں استعمال ہو رہا ہے ، گزشتہ 9ماہ میں ایسے کرائم کا ڈیٹا مرتب کیا ہے ، 30کے قریب کیسز میں لائسنس والا اسلحہ استعمال ہوا ہے ، متعلقہ اتھارٹیز کو خط لکھ رہے ہیں کہ کرائم میں استعمال ہونے والے اسلحے کا لائسنس منسوخ کیا جائے ، غیر قانونی کام میں استعمال ہونے والے اسلحے کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں گھروں اور گاڑیوں کی چوری میں ملوث دو تین گینگ گرفتار کیئے ہیں جس کی وجہ سے جرائم میں کمی ہوئی ہے ۔ تھانہ آئی نائن اور بنی گالا میں قتل کی وارداتوں کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وارداتوں کی تحقیقات جاری ہیں ، کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں جن سے تفتیش کی جا رہا ہے ،ملزمان کی گرفتاری کی ابھی تصدیق نہیں کی جا سکتی ،تاہم جلد وہ قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔