Friday, September 20, 2024
ہومپاکستاناسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا ایچ ایم سی ٹیکسلا کا دورہ

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا ایچ ایم سی ٹیکسلا کا دورہ

چیمبر اور ایچ ایم سی کا باہمی تعاون پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کیلئے معاون ثابت ہو گا،سردار یاسر الیاس خان
نجی شعبے کے تعاون سے ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کر کے برآمدات کو بہتر کر سکتے ہیں، انجینئر ظہیر شاہ

اسلام آباد،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان کی قیادت میں ایک 30 رکنی سے زائد وفد نے ہیوی میکینیکل کمپلیکس(ایچ ایم سی)ٹیکسلا کا دورہ کیا تاکہ ایچ ایم سی کے منصوبوں میں نجی شعبے کیلئے تعاون کے امکانات کو تلاش کیا جاسکے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمن خان، محمد اعجاز عباسی، چوہدری نصیر احمد، محمد شکیل منیر، عثمان خالد، محمد جاوید اقبال، محبوب احمد خان، محمد اسلم کھوکھر، طاہر عباسی، میاں عارف حسین، محمدعمیس خٹک، عمر حسین، حافظ بلال منیر، محمد شاکر، خالد چوہدری، بابر چوہدری، چوہدری عرفان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ایچ ایم سی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر ظہیر شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آئی سی سی آئی کے وفد کا شاندار استقبال کیا اور ایچ ایم سی کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انجینئر زاہد فاروق چوہدری ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ، بریگیڈئر (ریٹائرڈ) حامد محمود ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ ایچ آر اور ایچ ایم سی کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انجینئر ظہیر شاہ نے آئی سی سی آئی کے وفد کو ایچ ایم سی کے مختلف پیداواری شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ بہت سی اعلی معیار کی مصنوعات تیار کررہا ہے جس میں شوگر اور سیمنٹ پلانٹس، آئل اینڈ گیس پروسیسنگ پلانٹس، پن بجلی گھر، ٹربائن، ہائی پریشر بوائیلرز، کرینیں، اوور ہیڈ پل، اسٹیل سٹریکچرز اور ریلوے کا سازوسامان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ایم سی اب نجی شعبے کی شراکت سے مقامی پیداوار کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے تا کہ نجی شعبے کی صلاحیت کو بروئے کار لا کر ویلیو ایڈیڈ منصوعات تیار کی جا سکیں جس سے مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کو بھی بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر چیمبر کے وفد کو ایچ ایم سی کے مختلف پیداواری شعبوں کا دورہ کرایا گیا جن میں ڈیزائن سینٹر، اسٹیل فانڈری، ہائیڈرولک پریس شاپ، ہیٹ ٹریٹمنٹ کی سہولیات، کاسٹ آئرن اینڈ نان فیرس فانڈری، فورج شاپ، مشینی اور فیبری کیشن سہولیات شامل ہیں۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے صنعتی پلانٹس، سازو سامان اور دیگر معیاری مصنوعات تیار کر کے صنعتی ترقی میں ایچ ایم سی کے مفید کردار کو سراہا۔ انہوں نے چیمبر کے وفد کو ادارے کے مختلف پیداواری شعبوں کا دورہ کرانے اور پیداواری صلاحیت کو دکھانے پر ایچ ایم سی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر ظہیر شاہ اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر کے وفد کا یہ دورہ ایچ ایم سی اور نجی شعبے کے درمیان بزنس پارٹنرشپس کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ایم سی کی جدید پیداواری سہولیات اور نجی شعبے کی کاروباری صلاحیت کا باہمی امتزاج ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرنے، برآمدات کو فروغ دینے اور خطے میں صنعتی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ایچ ایم سی جدید ٹیکنالوجی اور تنوع کی راہ پر گامزن ہے اور اس کے ساتھ نجی شعبے کا اشتراک مقامی پیداوار اور درآمدات کا متبادل تیار کرنے میں کارگر ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں صنعتی ترقی کا ایک نیا دور شروع کر دیا ہے لہذا ایچ ایم سی اور نجی شعبے کا باہمی تعاون مقامی صنعتی پیداوارمیں اضافہ کرنے اور خطے میں صنعتی ترقی کا عمل تیز کرنے میں مفید ثابت ہو گا۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمن خان اوروفد کے دیگر اراکین نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نجی شعبے اور ایچ ایم سی کے مابین کاروباری شراکتوں کو فروغ دینے کے لئے مفید تجاویز پیش کیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔